قطب سرشار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تحیرات کا آئینہ تیری کم سخنی (غزل)
تحیرات کا آئینہ تیری کم سخنی
پڑی ہیں مجھ کو مسلسل جو آفتیں سہنی
پسینہ خون تھکن آبلے شکیبائی
عجیب چیز ہے یارو مذاق کوہکنی
بتوں کو توڑنا صدیوں سے جن کا ایماں تھا
شعار بن گیا ان کا مذاق دل شکنی
حسین جسم ہیں شو کیس میں سجائے ہوئے
خریدا جاتا ہے ارزاں وقار گل بدنی
عجیب شور تھا زاغ و زغن کی محفل میں
صدائے طائر شیریں نہیں کسی نے سنی
ہر ایک سمت سے بونوں نے سنگسار کیا
بلند قامتی میرے لیے عذاب بنی
مفقود کیوں ہیں غم کے خریدار شہر میں (غزل)
مفقود کیوں ہیں غم کے خریدار شہر میں
ممنوع کیوں ہے درد کا اظہار شہر میں
ہے لفظ لفظ آپ کا گل بار شہر میں
پھیلی ہوئی ہے نکہت گفتار شہر میں
برگ گلاب پر جو رقم تھیں کہانیاں
زہراب موسموں سے ہوئیں خار شہر میں
سپنے نکیلی راتوں میں مجروح ہو گئے
زخمی ہیں ساری نور کی اقدار شہر میں
معصوم آرزوؤں کے سر پر تھا جس کا لمس
وہ دست خوش ادا ہوا تلوار شہر میں
شاداب جنگلوں کی جوانی تو کٹ گئی
اگنے لگی ہے حسرت اشجار شہر میں
فہم و خرد کی سطح پہ بقراط ہیں سبھی
خوابیدہ ہے ضمیر ہی بیدار شہر میں
معصوم آنچلوں سے نچوڑی ہوئی حیا
مرغوب شے ہے وحشیٔ خونخوار شہر میں
چنگاریاں نگاہ میں لہجے میں آنچ سی
کیا پیکر سفال ہوئے نار شہر میں
آلودگی میں لذت نکہت فنا ہوئی
خوشبو کا مول کچھ نہیں سرشار شہر میں
کھلی جو آنکھ تو ہر سمت لفظ بکھرے تھے (نظم)
کھلی جو آنکھ تو ہر سمت لفظ بکھرے تھے
پھر اس کے بعد بھی لفظوں میں صدیاں بیت گئیں
اب حال یہ ہے کہ ہر جہت
لفظ لگتی ہے
کسی وفا کا وہ ماضی یہ میرے حال کا صبر
کتاب پھول صبا چاندنی
سبھی الفاظ
کسی کا عہدہ مرا اعتماد بھی الفاظ
عجیب لفظوں کا جنگل ہے کیا تماشہ ہے
کسی افق سے حقیقت کی اک شعاع تو ہو
کسی بھی لفظ کی مٹھی میں کچھ متاع تو ہو