قادر حنفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کبھی تو دل سے اپنایا گیا ہوں (غزل)
کبھی تو دل سے اپنایا گیا ہوں
کبھی اپنوں سے لڑوایا گیا ہوں
حسد اس کو ہے میری رفعتوں سے
میں ہر اک گام الجھایا گیا ہوں
میں شاید راز ہوں نایاب کوئی
تحائف دے کے للچایا گیا ہوں
کہاں تک پارسا ثابت کروں میں
جہاں ہر بار جھٹلایا گیا ہوں
ادھر اک بھیڑ دوڑی جا رہی ہے
سنا ہے میں کہیں پایا گیا ہوں
ابھی موسم بہاروں کا ہے قادرؔ
تو کیا دانستہ مرجھایا گیا ہوں
وفاؤں کا اسے میری اگر اقرار ہو جائے (غزل)
وفاؤں کا اسے میری اگر اقرار ہو جائے
ہزاروں غم اٹھانے کو یہ دل تیار ہو جائے
بہت محتاط رہتا ہوں میں اپنی رشتہ سازی پر
کہیں ایسا نہ ہو پھر سے کوئی تکرار ہو جائے
جو تیرا ساتھ ہے مجھ کو تو کیا خدشہ تلاطم کا
یہ کشتی ڈوب جائے یا بھلے سے پار ہو جائے
بڑا جادو جھلکتا ہے تری مسرور آنکھوں میں
نظر اک دیکھ لے جس کو وہی فنکار ہو جائے
غموں کی بھیڑ میں کٹتے نہیں اب روز و شب قادرؔ
شکستہ دل کے گوشے میں کوئی جھنکار ہو جائے