پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قاضی سعید افسر کی غزلیں — Qazi Saeed Afsar Ghazals

قاضی سعید افسر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تازہ دم پر عزم شعلہ بار دن (غزل)

تازہ دم پر عزم شعلہ بار دن

شام کو ثابت ہوا بے کار دن

زرد کرنیں سرد جھونکے گرد ہم

کس طرح کاٹیں یہ شب آثار دن

صبح کو رہتے ہیں ہم فالج زدہ

رات کو ملتا نہیں عیار دن

بھوک لے کر خوان میں آئی ہے شام

آئے گا کل تشنگی بردار دن

عمر یعنی لاش کا لمبا سفر

زندگی کی عمر بس دو چار دن

رات ہی کو چل دیا وہ قافلہ

اب کریدے راکھ کا انبار دن

کس بنا پر کوئی سمجھوتہ کریں

تم نمود شب مرا اظہار دن

آپ بیتی کیا لکھوں کیونکر لکھوں

ہیں کہاں کچھ قابل اظہار دن

رات بھر اس سوچ میں جاگا کئے

اب کہاں کاٹیں گے اک بیکار دن

وہ اک صدی کا بنائے تھا انتظام تمام (غزل)

وہ اک صدی کا بنائے تھا انتظام تمام

کہ ایک پل میں ہوئی عمر نا تمام تمام

ابھی میں کر بھی نہ پایا تھا ایک جام تمام

ندا یہ آئی کہ بس ہو چکی یہ شام تمام

میں اپنی آگ میں جلتا ہوں میرا حال نہ پوچھ

مرا نفس کیا کرتا ہے میرا کام تمام

ہوا ہی ایسی چلی تھی اکھڑ گئے خیمے

نہ کر سکے تھے ابھی عرصۂ قیام تمام

خوشی ہماری بجا ہے مباح فخر ہمیں

لکھی ہے مملکت غم ہمارے نام تمام

ٹھکانے لگ گئیں افسرؔ بچی کھچی سانسیں

چلو کہ ہو ہی گیا آج یہ بھی کام تمام

مزید غزلیں از قاضی سعید افسر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں