قاضی مستقیم الدین سحر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بزم سخن ہے اور سخنداں نئے نئے (غزل)
بزم سخن ہے اور سخنداں نئے نئے
محفل میں آج آئے ہیں مہماں نئے نئے
کن منزلوں کی تاک میں یہ کاروان زیست
راہیں نئی نئی ہیں گلستاں نئے نئے
بالکل غلط ہے کون یہ کہتا ہے وجد میں
ملتے نہیں جنوں کو بیاباں نئے نئے
ساقی ذرا نظر تو اٹھا دیکھ بزم میں
پینے کو آج آئے ہیں مہماں نئے نئے
جب تک ہے سانس حوصلہ باقی رہے مرا
ڈھونڈا کروں گا درد کے درماں نئے نئے
مسکان ابروؤں کے اشارے سلام عشق
کیسے اٹھائے جائیں گے احساں نئے نئے
کیا غم جو اجنبی ہے ذرا گفتگو سحرؔ
ان کے لئے تو آپ ہیں مہماں نئے نئے
ان سے شکوہ بھی ہے شکایت بھی (غزل)
ان سے شکوہ بھی ہے شکایت بھی
باوجود اس کے ان سے الفت بھی
کیا صلہ دے گئی محبت بھی
چاک داماں ہے زور وحشت بھی
کوئی تم سا نظر نہیں آتا
لاکھوں دیکھے ہیں خوب صورت بھی
آرزو تھی کہ دیکھتے جلوہ
رہ گئی دل کی دل میں حسرت بھی
یہ زمانہ عجب زمانہ ہے
شرم رخصت ہوئی ہے غیرت بھی
اب منائیں تو کیا منائیں اسے
ہم سے روٹھی ہوئی ہے قسمت بھی
اس محبت کے گیت گاتے ہو
کھو چکی ہے جو قدر و قیمت بھی
اب ملاقات ہو تو کیوں ہو سحرؔ
آپ کرتے نہیں ہیں زحمت بھی