پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قمر سرور کی غزلیں — Qamar Suroor Ghazals

قمر سرور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا کھویا تھا کیا پایا تھا اب تو یہ بھی یاد نہیں (غزل)

کیا کھویا تھا کیا پایا تھا اب تو یہ بھی یاد نہیں

کس سے بچھڑے کون ملا تھا اب تو یہ بھی یاد نہیں

یاد ہے بس اتنا ہی مجھ کو میں نے پیڑ پہ لکھا تھا

لیکن کس کا نام لکھا تھا اب تو یہ بھی یاد نہیں

ہلکا ہلکا یاد ہے اتنا کچھ نا کچھ تو ٹوٹا تھا

دل تھا یا پھر عہد وفا تھا اب تو یہ بھی یاد نہیں

سکھیاں ساتھی کھیل کھلونے اپنے لیے تو خواب ہی تھے

بچپن اپنا کب بیتا تھا اب تو یہ بھی یاد نہیں

اوروں کی خاطر جینا تھا اور اس جینے کی خاطر

ہم نے کتنا زہر پیا تھا اب تو یہ بھی یاد نہیں

رہزن بن کر رہبر نے ہی لوٹا تھا اک روز قمرؔ

کون لٹا تھا کون بچا تھا اب تو یہ بھی یاد نہیں

آج کی شام ٹھہر جاؤ غزل ہونے تک (غزل)

آج کی شام ٹھہر جاؤ غزل ہونے تک

التجا ہے کہ نہ گھر جاؤ غزل ہونے تک

تم گل رعنا ہو خوش رنگ ہو خوش بخت بھی ہو

خوشبو بن بن کے بکھر جاؤ غزل ہونے تک

سوئے احساس کی لہروں میں مچا دو ہلچل

آنکھ سے دل میں اتر جاؤ غزل ہونے تک

پھر خدا جانے یہ آئینہ رہے یا نہ رہے

آج موقع ہے سنور جاؤ غزل ہونے تک

اپنے ہر خواب کو کاغذ پہ مکمل کر لوں

میری آنکھوں میں ٹھہر جاؤ غزل ہونے تک

کس طرح تم کو سرورؔ آج قلم بند کرے

مجھ کو بتلا کے ہنر جاؤ غزل ہونے تک

مزید غزلیں از قمر سرور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں