پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قمر سیوانی کی غزلیں — Qamar Siwani Ghazals

قمر سیوانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گوہر نایاب کو کہتا ہے پتھر آدمی (غزل)

گوہر نایاب کو کہتا ہے پتھر آدمی

پتھروں کو کہتا ہے نایاب گوہر آدمی

تم کرو یہ فیصلہ کب اس سے ملنا چاہیے

دن میں کھلتا پھول ہے شب میں ہے خنجر آدمی

میرے چہرے کو بخوبی راز یہ معلوم ہے

آدمی کب آئنہ ہے کب ہے پتھر آدمی

اپنی آنکھیں بند کرکے کرتا ہے جب بھی سفر

راستے میں کھاتا ہے ٹھوکر پے ٹھوکر آدمی

خبط کا گہرا سمندر صبر کا اونچا پہاڑ

آنکھ میں رکھتا ہے کیسا کیسا منظر آدمی

جب جلاتا ہے غریبوں کو ستم کی آگ میں

اس گھڑی ہوتا ہے سورج کے برابر آدمی

آگے ہے دلدل کی بستی پیچھے ہے شہر شرر

چھوڑ کر آخر کدھر جائے سمندر آدمی

آنے والا ہے کوئی طوفان بحر وقت میں

اپنی اپنی ناؤ کا بن جائے لنگر آدمی

آسماں کی وسعتوں سے پوچھ لے جا کر قمرؔ

کب دکھائی دیتا ہے گہرا سمندر آدمی

چاند نکلے گا تو گھر گھر میں اجالے ہوں گے (غزل)

چاند نکلے گا تو گھر گھر میں اجالے ہوں گے

چاندنی رات میں سب روشنی والے ہوں گے

منزل شوق پہ چمکیں گے جو موتی کی طرح

وہ مسافر کے تھکے پاؤں کے چھالے ہوں گے

ہوتے لبریز تو رہ رہ کے چھلکتے کیسے

در حقیقت وہ سبھی خالی پیالے ہوں گے

خون جس وقت سیاہی سے بھی سستا ہوگا

خون سے چھاپے ہوئے غم کے رسالے ہوں گے

آپ کے پیچھے وہی لوگ پڑیں گے اک دن

آپ برسوں جنہیں آغوش میں پالے ہوں گے

تم جو نفرت کی سیاہی سے لکھو گے تاریخ

اس کے الفاظ بھی صفحات بھی کالے ہوں گے

مصلحت تھی کہ برس پائے نہ کالے بادل

چرخ نے فیصلے کچھ سوچ کے ٹالے ہوں گے

جھوٹ کو جھوٹ قمرؔ کون کرے گا ثابت

حق پرستوں کی زبانوں پہ جو تالے ہوں گے

مزید غزلیں از قمر سیوانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں