پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قیصر الجعفری کی غزلیں — Qaisarul Jafri Ghazals

قیصر الجعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمہارے شہر کا موسم بڑا سہانا لگے (غزل)

تمہارے شہر کا موسم بڑا سہانا لگے

میں ایک شام چرا لوں اگر برا نہ لگے

تمہارے بس میں اگر ہو تو بھول جاؤ مجھے

تمہیں بھلانے میں شاید مجھے زمانہ لگے

جو ڈوبنا ہے تو اتنے سکون سے ڈوبو

کہ آس پاس کی لہروں کو بھی پتا نہ لگے

وہ پھول جو مرے دامن سے ہو گئے منسوب

خدا کرے انہیں بازار کی ہوا نہ لگے

نہ جانے کیا ہے کسی کی اداس آنکھوں میں

وہ منہ چھپا کے بھی جائے تو بے وفا نہ لگے

تو اس طرح سے مرے ساتھ بے وفائی کر

کہ تیرے بعد مجھے کوئی بے وفا نہ لگے

تم آنکھ موند کے پی جاؤ زندگی قیصرؔ

کہ ایک گھونٹ میں ممکن ہے بد مزہ نہ لگے

دیواروں سے مل کر رونا اچھا لگتا ہے (غزل)

دیواروں سے مل کر رونا اچھا لگتا ہے

ہم بھی پاگل ہو جائیں گے ایسا لگتا ہے

کتنے دنوں کے پیاسے ہوں گے یارو سوچو تو

شبنم کا قطرہ بھی جن کو دریا لگتا ہے

آنکھوں کو بھی لے ڈوبا یہ دل کا پاگل پن

آتے جاتے جو ملتا ہے تم سا لگتا ہے

اس بستی میں کون ہمارے آنسو پونچھے گا

جو ملتا ہے اس کا دامن بھیگا لگتا ہے

دنیا بھر کی یادیں ہم سے ملنے آتی ہیں

شام ڈھلے اس سونے گھر میں میلہ لگتا ہے

کس کو پتھر ماروں قیصرؔ کون پرایا ہے

شیش محل میں اک اک چہرا اپنا لگتا ہے

زندگی تو مجھے کس موڑ پہ لے آئی ہے (نظم)

زندگی تو مجھے کس موڑ پہ لے آئی ہے

خواب کھلتے تھے جہاں برف وہاں چھائی ہے

سو دریچے ہیں مگر شمع کسی پر بھی نہیں

چاند نکلے مری راتوں کا مقدر بھی نہیں

کیا کروں کیا نہ کروں ہاتھ میں پتھر بھی نہیں

شیش محلوں کو کوئی غم بھی نہیں ڈر بھی نہیں

لوگ گونگے ہیں بیاباں میں اذاں کیسے ہو

لوگ قاتل ہیں علاج غم جاں کیسے ہو

لوگ پتھر ہیں تو احساس زیاں کیسے ہو

کس کو فرصت ہے جو پوچھے کہ میاں کیسے ہو

رات جب ختم ہوئی تھی تو سحر لگتی تھی

روشنی راہ گزر راہ گزر لگتی تھی

زندگی کوچۂ جاناں کا سفر لگتی تھی

اپنی منزل کہیں جنت کے ادھر لگتی تھی

کچھ بھی آنکھوں میں نہیں اشک ندامت کے سوا

کچھ بھی دامن میں نہیں داغ ملامت کے سوا

کچھ بھی چہرے پہ نہیں گرد مسافت کے سوا

اپنی دوکان میں سب کچھ ہے محبت کے سوا