قیصر عثمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اگر تم کو مجھ سے محبت نہ ہوتی (غزل)
اگر تم کو مجھ سے محبت نہ ہوتی
یہ سودا نہ ہوتا یہ وحشت نہ ہوتی
جو حسن نظر کار فرما نہ ہوتا
جہاں میں کوئی اچھی صورت نہ ہوتی
بتوں سے اگر ہوتی خالی یہ دنیا
خدا کی بھی کوئی حقیقت نہ ہوتی
تیری یاد کے ساتھ آتے نہ آنسو
اگر مجھ کو تجھ سے محبت نہ ہوتی
جو ہوتا نہ میں کشتۂ عشق قیصرؔ
یہ صورت نہ ہوتی یہ حالت نہ ہوتی
زندگی کیوں اداس ہے اے دوست (غزل)
زندگی کیوں اداس ہے اے دوست
موت کیا آس پاس ہے اے دوست
وہ بھی مصلوب ہو نہ جائے کہیں
وہ بڑا حق شناس ہے اے دوست
تھا جو غالبؔ شکن زمانے میں
وہ یگانہؔ ہی یاسؔ ہے اے دوست
یہ زمانہ بھی کیا قیامت ہے
ہر طرف اک ہراس ہے اے دوست
ہے جو ہر دل میں اک خودی کا سرور
زندگی کی اساس ہے اے دوست
دور رہ کر بھی مجھ سے دور نہیں
وہ سدا دل کے پاس ہے اے دوست
ہو زیارت مجھے مدینے کی
رب سے یہ التماس ہے اے دوست
مزید غزلیں از قیصر عثمانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں