پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قیس جالندھری کی غزلیں — Qais Jalandhari Ghazals

قیس جالندھری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر شے میں مجھے کل کا تماشا نظر آیا (غزل)

ہر شے میں مجھے کل کا تماشا نظر آیا

قطرہ لئے آغوش میں دریا نظر آیا

تھی شوخ نگاہی کسی ظالم کی قیامت

جذبات کا عالم تہ و بالا نظر آیا

جب آنکھ کھلی وہم بھی تھا اصل سراسر

جب راز کھلا اصل بھی دھوکا نظر آیا

پہلو میں جو تھا دل تو فقط خون کا قطرہ

آنکھوں میں پہنچتا تھا کہ دریا نظر آیا

جب ہوش نہ آیا تھا پرایا بھی تھا اپنا

ہوش آیا تو اپنا بھی پرایا نظر آیا

اس بزم میں اللہ رے حیرت کا یہ عالم

پردہ کے نہ ہونے پہ بھی پردہ نظر آیا

ڈھاتے ہیں اب وہ ظلم و ستم کم بہت ہی کم (غزل)

ڈھاتے ہیں اب وہ ظلم و ستم کم بہت ہی کم

یعنی ہے ان کا لطف و کرم کم بہت ہی کم

جس راہ میں ہیں رنج و الم کم بہت ہی کم

اٹھتے ہیں اس پہ میرے قدم کم بہت ہی کم

اس سے مراد یہ تو نہیں دل ہے مطمئن

مانا ہے میری آنکھ میں نم کم بہت ہی کم

اے دوست اور ہے ترا دل اور ہی زباں

اب تجھ کو منہ لگائیں گے ہم کم بہت ہی کم

فرد گناہ دیکھ کے یا رب سزا نہ دے

نیت مری ہے اس میں رقم کم بہت ہی کم

حق گو کی بات بات کو اظہار حق سمجھ

کھائے اگر خدا کی قسم کم بہت ہی کم

رندوں کے دم سے شیخ ہوا چاند عید کا

آتا ہے وعظ کرنے کو کم کم بہت ہی کم

اب فاقہ مستیوں سے یہ عادت سی ہو گئی

کھاتا ہوں رزق کی بھی قسم کم بہت ہی کم

ساقی کی چشم مست کی ہے بات ہی کچھ اور

ہے اس کے آگے بادۂ جم کم بہت ہی کم

اے قیس اگر زمین غزل ہو نہ سنگلاخ

چلتا ہے اس میں پائے قلم کم بہت ہی کم

تہذیب کا رہبر ہے یہ پنجاب ہمارا (نظم)

تہذیب کا رہبر ہے یہ پنجاب ہمارا

ہر علم کا مصدر ہے یہ پنجاب ہمارا

ہر فن میں معقر ہے یہ پنجاب ہمارا

عرفاں سے منور ہے یہ پنجاب ہمارا

جنت سے بھی برتر ہے یہ پنجاب ہمارا

ساحر بھی فسوں کار بھی ہیں اس کی بہاریں

سرمست بھی سرشار بھی ہیں اس کی بہاریں

دل کش بھی طرح دار بھی ہیں اس کی بہاریں

گل رنگ بھی گل بار بھی ہیں اس کی بہاریں

یہ خلد فضا خلد نما اس کے مناظر

یہ ماہ ضیا مہر لقا اس کے مناظر

یہ کیف ادا روح فزا اس کے مناظر

ہر سمت یہ اندوہ ربا اس کے مناظر

مے بار بھی مے نوش بھی ہیں اس کی گھٹائیں

جام مئے سرجوش بھی ہیں اس کی گھٹائیں

مے خانہ بہ آغوش بھی ہیں اس کی گھٹائیں

غارت گر صد ہوش بھی ہیں اس کی گھٹائیں

رشیوں نے یہاں گائے ہیں الفت کے ترانے

گورؤں نے سنائے ہیں حقیقت کے فسانے

بھگتوں نے یہاں پائے ہیں قدرت کے خزانے

لوگوں نے بنائے ہیں مسرت کے ٹھکانے

پنجاب کو ہم روشن و پر نور کریں گے

پنجاب کو ہم امن سے معمور کریں گے

پنجاب کو ہر حال میں مسرور کریں گے

پنجاب کو ہم اور بھی مشہور کریں گے

مزید غزلیں از قیس جالندھری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں