پشپ راج یادو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بچھڑے ہوئے لوگوں کو سینہ میں بسا رکھنا (غزل)
بچھڑے ہوئے لوگوں کو سینہ میں بسا رکھنا
اپنا تو مقدر ہے آنکھوں کو بجھا رکھنا
سوچا نہیں کرتے ہیں بیتی ہوئی باتوں کو
بہتے ہوئے اشکوں کو ہمت سے دبا رکھنا
سونے سی کوئی صورت ابھرے گی چٹانوں پر
سورج سے دوپہری بھر اک ربط بنا رکھنا
شاید یہیں مل جائے وہ شخص جو بچھڑا ہے
سنسان سے منظر کو باتوں میں لگا رکھنا
کاندھوں پہ اٹھا رکھنا دنیا کے ہر اک غم کو
اور خود کو زمانہ کی فطرت سے جدا رکھنا
روئیں تو وہی آنکھیں ڈھونڈھیں تو وہی چہرہ
عادت سی کوئی جیسے دن رات بنا رکھنا
اک آس تو رہتی ہے یہ زندگی رہنے تک
ان بے وفا لوگوں کی فہرست بنا رکھنا
یہ شام غم گزار مرے ساتھ ساتھ چل (غزل)
یہ شام غم گزار مرے ساتھ ساتھ چل
اے پنچھیوں کی ڈار مرے ساتھ ساتھ چل
تنہا سفر طویل ہے میں اوب جاؤں گا
اے سر پھری بیار مرے ساتھ ساتھ چل
سورج کے آس پاس بسائیں گے اک نگر
ان بادلوں کے پار مرے ساتھ ساتھ چل
اس زندگی کی دھوپ میں کر شکر جو ملیں
کچھ پیڑ سایہ دار مرے ساتھ ساتھ چل
پھر اس کی اور جیسے میں کھنچتا چلا گیا
گونجی تھی اک پکار مرے ساتھ ساتھ چل
ہے راہ عشق کو بہ کو مشکل بھی سخت بھی
تو چل سکے تو یار مرے ساتھ ساتھ چل
یہ روشن صبح یہ میٹھے سروں میں پنچھیوں کے گان (نظم)
یہ روشن صبح یہ میٹھے سروں میں پنچھیوں کے گان
کسی کمسن کی دستک سے اٹھی یہ نوپروں کی تان
چٹک پھولوں کی رنگ و بو پہ اٹھلاتے ہوئے دالان
ہنسیں ہیں پر تمہارے بن میرے جی کو نہیں بھاتے
پھر اب کی بار ضائع ہو نہ جائے سردیوں کی دھوپ
یہ صبح و شام پوجا ارچنا یہ مندروں کی دھوپ
کسی دل میں طلوع ہوتی ہوئی یہ حسرتوں کی دھوپ
نگل جائے نہ کوئی شام غم انگڑائیاں بھر کے
زمانہ کے ستائے دور سے آئے ہوئے ہیں ہم
میرے خوابوں کی ملکہ آشنا تم سے نہیں یہ غم
جو تم ملنے چلی آؤ مہک اٹھیں یہ دو عالم
قسم ہے تم کو آ جانا تمہیں چاہے جہاں روکے
چلی آنا اگر تم تک مری آواز جا پہنچے