پرشوتم ابّی آذر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آپ کی سنگت کا یہ انداز من کو بھا گیا (غزل)
آپ کی سنگت کا یہ انداز من کو بھا گیا
گردش دوراں میں ہم کو مسکرانا آ گیا
ٹوٹ کر برسا جو بادل گھپ اندھیرا چھا گیا
تھا اجالا دن کا لیکن روشنی کو کھا گیا
قاتلوں نے جسم میرا ریزہ ریزہ کر دیا
خون بکھرا رنگ بن کر وادیاں چمکا گیا
آگ سے تو بچ گیا میں موت آنی تھی مگر
بچتے بچتے پھر بھی میں پانی سے دھوکہ کھا گیا
ہم محبت میں شکستہ پا ہوئے تو غم نہیں
رفتہ رفتہ دوستو تم کو تو چلنا آ گیا
ہم نے تو کاٹ لی ہے سزا آپ خوش رہیں (غزل)
ہم نے تو کاٹ لی ہے سزا آپ خوش رہیں
محفوظ تم کو رکھے خدا آپ خوش رہیں
دو پل ملے خوشی کے ہیں ان کو سنوار لیں
کل کی خبر ہے کس کو پتا آپ خوش رہیں
پایا سکون ہم نے تھا بانہوں میں آپ کی
پھر سے نصیب ہوگا وہ کیا آپ خوش رہیں
سامان اپنا باندھ کے تم اٹھ کے چل دیے
چاروں طرف ہے بہکی ہوا آپ خوش رہیں
چاہے تمام زخم دو یا دو ہمیں دوا
ہے آرزو یہ دل کہ سدا آپ خوش رہیں
محسوس ہو رہی ہیں بڑھی دل کی دھڑکنیں
انتم پڑاؤ ہو نہ مرا آپ خوش رہیں
آذرؔ ذرا سی بات کو یوں طول تم نہ دو
غصہ نہیں ہے اس کی دوا آپ خوش رہیں