پرنم الہ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تمہیں دل لگی بھول جانی پڑے گی محبت کی راہوں میں آ کر تو دیکھو (غزل)
تمہیں دل لگی بھول جانی پڑے گی محبت کی راہوں میں آ کر تو دیکھو
تڑپنے پہ میرے نہ پھر تم ہنسو گے کبھی دل کسی سے لگا کر تو دیکھو
وفاؤں کی ہم سے توقع نہیں ہے مگر ایک بار آزما کر تو دیکھو
زمانے کو اپنا بنا کر تو دیکھا ہمیں بھی تم اپنا بنا کر تو دیکھو
خدا کے لیے چھوڑ دو اب یہ پردہ کہ ہیں آج ہم تم نہیں غیر کوئی
شب وصل بھی ہے حجاب اس قدر کیوں ذرا رخ سے آنچل اٹھا کر تو دیکھو
جفائیں بہت کیں بہت ظلم ڈھائے کبھی اک نگاہ کرم اس طرف بھی
ہمیشہ ہوئے دیکھ کر مجھ کو برہم کسی دن ذرا مسکرا کر تو دیکھو
جو الفت میں ہر اک ستم ہے گوارا یہ سب کچھ ہے پاس وفا تم سے ورنہ
ستاتے ہو دن رات جس طرح مجھ کو کسی غیر کو یوں ستا کر تو دیکھو
اگرچہ کسی بات پر وہ خفا ہیں تو اچھا یہی ہے تم اپنی سی کر لو
وہ مانیں نہ مانیں یہ مرضی ہے ان کی مگر ان کو پرنمؔ منا کر تو دیکھو
آج کوئی بات ہو گئی (غزل)
آج کوئی بات ہو گئی
وہ نہ آئے رات ہو گئی
جب وہ میرے ساتھ ہو گئے
دنیا میرے ساتھ ہو گئی
جب وہ ملنے آئے رات کو
میری چاند رات ہو گئی
مجھ سے برہم آپ کیا ہوئے
ساری کائنات ہو گئی
مر گئے ترے مریض غم
درد سے نجات ہو گئی
اے دل تباہ غم یہ ہے
رسوا ان کی ذات ہو گئی
پرنمؔ آ گئے وہ میرے گھر
مطمئن حیات ہو گئی