پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پریا تابیتا کی غزلیں — Priya Tabita Ghazals

پریا تابیتا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ ہنستی آنکھیں حسیں تبسم دمکتا چہرہ کتاب جیسا (غزل)

وہ ہنستی آنکھیں حسیں تبسم دمکتا چہرہ کتاب جیسا

دراز قامت ہے سرو آسا ہے رنگ کھلتے گلاب جیسا

وہ دھیمے لہجے کے زیر و بم میں پھوار جیسی حسین رم جھم

ہے گفتگو میں بہم تسلسل رواں رواں سا چناب جیسا

کچھ اس کے عارض کی دل فریبی کچھ اس کے ہونٹوں کا رنگ دل کش

وہ سر سے پا ہے غزل کا لہجہ نیا نیا سا شباب جیسا

کبھی وہ تصویر بن کے دیکھے کبھی وہ تحریر بن کے بولے

وہ پل میں گم صم وہ پل میں حیراں کسی مصور کے خواب جیسا

وہ میرے جذبوں کی خوش نصیبی یا اس کی چاہت کی انتہا ہے

کہ اس کی آنکھوں میں عکس میرا نہاں عیاں سا حجاب جیسا

فرشتہ صورت دعا کا سایہ وہ روپ انساں کا دھار آیا

ہے اس سے دوری عذاب مجھ کو ہے اس کا ملنا ثواب جیسا

پلٹ کے دیکھے تو وقت ٹھہرے وہ چل پڑے تو زمانہ حیراں

وہ رشک امبر وہ ماہ کامل وہ کہکشاں وہ شہاب جیسا

کبھی وہ شعر و سخن کا شیدا کبھی وہ تحقیق کا دوانہ

وہ میری غزلوں کا حسن مطلع مرے مقالے کے باب جیسا

اک یہی وصف ہے اس میں جو امر لگتا ہے (غزل)

اک یہی وصف ہے اس میں جو امر لگتا ہے

وہ کڑی دھوپ میں برگد کا شجر لگتا ہے

یوں تو چاہت میں نہاں جون کی حدت ہے مگر

سرد لہجے میں دسمبر کا اثر لگتا ہے

جب سے جانا کہ وہ ہم شہر ہے میرا تب سے

شہر لاہور بھی جادو کا نگر لگتا ہے

جانے کب گردش ایام بدل ڈالے تجھے

جیت کر تجھ کو مجھے ہار سے ڈر لگتا ہے

چاہے کتنی ہی سجاوٹ سے مزین ہو مگر

ماں نظر آئے تو گھر اصل میں گھر لگتا ہے

اس قدر اس کی نگاہوں میں تقدس ہے نہاں

سر جھکاتی ہوں تو پیپل کا شجر لگتا ہے