پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پرتپال سنگھ بیتاب کی غزلیں — Pritpal Singh Betab Ghazals

پرتپال سنگھ بیتاب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھ کو معلوم تھا میں اور سنور جاؤں گا (غزل)

مجھ کو معلوم تھا میں اور سنور جاؤں گا

گھر سے نکلوں گا تو ہر سمت بکھر جاؤں گا

راز موجوں کے سمندر نے بتائے ہیں مجھے

یہاں ڈوبوں گا کہیں اور ابھر جاؤں گا

ابھی سستاؤں گا کچھ دیر اسی دوراہے پر

بعد میں سوچوں گا دیکھوں گا کدھر جاؤں گا

میں تو برزخ کے اندھیروں میں جلاؤں گا چراغ

میں نہیں وہ کہ جو موت آئی تو مر جاؤں گا

زندگی یوں تجھے رہنے نہیں دوں گا بے رنگ

تیری تصویر میں کچھ رنگ تو بھر جاؤں گا

میں ہوں دریا ہے روانی مری دائم بیتابؔ

کوئی سیلاب نہیں ہوں کہ اتر جاؤں گا

کالا جادو پھیل رہا ہے (غزل)

کالا جادو پھیل رہا ہے

اور خدا خاموش کھڑا ہے

کالے سائے ناچ رہے ہیں

چار طرف پر شور ہوا ہے

آگ دکھا کر جلنے والو

کس کی آگ میں کون جلا ہے

سانس بھی تم لیتے ہو کیوں کر

اف کتنی مسموم ہوا ہے

لاکھوں بھیڑیں دوڑ رہی ہیں

ایک گڈریا ہانک رہا ہے

رقص کناں ہوں اک رسی پر

اور توازن بگڑ رہا ہے

میں رستے کو ڈھونڈ رہا ہوں

رستہ مجھ کو ڈھونڈ رہا ہے

کون ہے یہ بیتاب جو کب سے

رستے میں چپ چاپ کھڑا ہے

ی تک پڑھی ہوئی ساری کتابیں (نظم)

ی تک پڑھی ہوئی ساری کتابیں

دیکھی ہوئی تمام دنیا بلکہ دنیائیں

اندر سے باہر کے تمام تجربات

ماضی کا حصہ ہیں

تاریخ بن چکے ہیں

یہاں سے آگے سفر نیا ہے بالکل نیا

کاغذ کورا ہے بالکل کورا

بلکہ تمام کاغذ کورے ہیں بالکل کورے

تحریر منتظر ہے

نقطۂ آغاز سے بلکہ موہوم ہے

ہندسۂ یکم ہے بلکہ صفر ہے

حرف الف ہے

بلکہ اک نیا الف ہے