پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پریم کمار نظر کی غزلیں — Prem Kumar Nazar Ghazals

پریم کمار نظر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں نظر سے ایک انداز نظر ہوتا ہوا (غزل)

میں نظر سے ایک انداز نظر ہوتا ہوا

کون ہے دن رات مجھ میں بے خبر ہوتا ہوا

کھلتا جاتا ہے سمندر بادباں در بادباں

میں سفر کرتا ہوا مجھ سے سفر ہوتا ہوا

ایک وسعت آسماں در آسماں بڑھتی ہوئی

اک پرندہ بال و پر میں تر بتر ہوتا ہوا

ایک پہنائی مکاں سے لا مکاں ہوتی ہوئی

ایک لمحہ مختصر سے مختصر ہوتا ہوا

ایک انگڑائی سے سارے شہر کو نیند آ گئی

یہ تماشا میں نے دیکھا بام پر ہوتا ہوا

کھینچ لی کس نے طناب خیمۂ صدق و صفا

کون ہے اس دشت غم میں بے ہنر ہوتا ہوا

اک پل کی دوڑ دھوپ میں ایسا تھکا بدن (غزل)

اک پل کی دوڑ دھوپ میں ایسا تھکا بدن

میں خود تو جاگتا ہوں مگر سو گیا بدن

بچہ بھی دیکھ لے تو ہمک کر لپک پڑے

ایسی ہی ایک چیز ہے وہ دودھیا بدن

جی چاہتا ہے ہاتھ لگا کر بھی دیکھ لیں

اس کا بدن قبا ہے کہ اس کی قبا بدن

جب سے چلا ہے تنگ قمیصوں کا یہ رواج

نا آشنا بدن بھی لگے آشنا بدن

گنگا کے پانیوں سا پوتر کہیں جسے

آنکھوں کے تٹ پہ تیرتا ہے جو گیا بدن

بستر پہ تیرے میرے سوا اور کون ہے

محسوس ہو رہا ہے کوئی تیسرا بدن

دھرتی نے موسموں کا اثر کر لیا قبول

رت پھر گئی تو ہو گیا اس کا ہرا بدن

اس کو کہاں کہاں سے رفو کیجیے نظرؔ

بہتر یہی ہے اوڑھیے اب دوسرا بدن

مجھے ان وادیوں میں سیر کی خواہش نہیں باقی (نظم)

مجھے ان وادیوں میں سیر کی خواہش نہیں باقی

مجھے ان بادلوں سے راز کی باتیں نہیں کرنی

مجھے ان دھند کی چادر میں اب لپٹے نہیں رہنا

مجھے اس عالم یخ بستگی سے کچھ نہیں کہنا

مجھے موہوم لفظوں کا شناسائی نہیں بننا

مجھے اس کار پر اسرار کا داعی نہیں بننا

میں خوابوں کے دریچوں میں کھڑا رہنے سے قاصر ہوں

میں زندہ زندگی کی ساعتوں کا ایک شاعر ہوں

مجھے اک لہلہاتے جھولتے پیکر کی خواہش ہے

مجھے ان منظروں میں ایسے اک منظر کی خواہش ہے

مزید غزلیں از پریم کمار نظر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں