پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پوجا بھاٹیا کی غزلیں — Pooja Bhatiya Ghazals

پوجا بھاٹیا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایسا جینا بھی کیا ہے مر مر کے (غزل)

ایسا جینا بھی کیا ہے مر مر کے

وہ جہاں بھی رہے رہے ڈر کے

اب کسی طرح دل نہیں لگتا

گھر میں سب کچھ تو ہے سوا گھر کے

سانس کا بوجھ اب نہیں اٹھتا

جسم خالی ہے دھڑ بنا سر کے

اس کو جانے کی کتنی جلدی تھی

بات ساری کہی پہ کم کر کے

جلوہ دیکھا لہو کا اس نے جب

ہوش ہی اڑ گئے تھے خنجر کے

ریت و ساحل میں صلح پھر نہ ہوئی

تھک گئی موج التجا کر کے

زخم کچھ اس طرح سے ہنستے ہیں

اشک بہنے لگے ہیں نشتر کے

راس آیا غم شناسائی

وار پہچان کے تھے خنجر کے

اس کو ناراض ہونا آتا ہے؟

واری جاؤں میں ایسے تیور کے

خواب جو اچھے برے تھے (غزل)

خواب جو اچھے برے تھے

میرے اندر پل رہے تھے

ایک چپی تم نے چاہی

میں نے اپنے لب سیے تھے

آزمائش وقت نے کی

سب یقیں ٹوٹے پڑے تھے

عمر بھر چل کر نہ پہنچے

جانے کیسے مرحلے تھے

نیند آنکھوں سے جدا تھی

خواب میں بھی رت جگے تھے

دن مہینے سال گزرے

یوں تو ہم کل ہی ملے تھے

لفظ تھے باہیں پسارے

اور غزل کو کچھ گلے تھے

تھی پرانی فلم دنیا

چہرے سب دیکھے سنے تھے

فاصلوں کا ڈر کسے تھا

پاؤں پر رستے لکھے تھے

اس نے برتا تھا تکلف

میرے بھی کچھ مسئلے تھے

چاند تاروں کی جگہ پر

ابر پر جگنوں ٹنگے تھے

مزید غزلیں از پوجا بھاٹیا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں