پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پرویز وارث کی غزلیں — Parvez Waris Ghazals

پرویز وارث کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خود اپنا اپنے آپ کو استاد کر کبھی (غزل)

خود اپنا اپنے آپ کو استاد کر کبھی

ہے مشورہ قبول تو ارشاد کر کبھی

ہونا ہے تجھ کو آشنا اس کے مزاج سے

تو شاد حادثوں کو بھی ناشاد کر کبھی

کیوں ایک دائرے میں ہی رکھا ہے باندھ کے

اس قید سے خیال کو آزاد کر کبھی

منظر میں خار سا جو کھٹکتا ہے جس جگہ

حصے کو اس جگہ سے ہاں آباد کر کبھی

دنیا کو اعتبار ہو جس پر یقین ہو

اک نیند آئے خواب کوئی لاد کر کبھی

سورج تھا الوداع ہوا شام ہو گئی

کس نے کہا کسی سے کہ فریاد کر کبھی

جو دھند بن کے رہ گئے پرویزؔ ذہن میں

کھل کے دکھائی دیں گے تجھے یاد کر کبھی

آندھی چلی جو ریت کی سارا بدل گیا (غزل)

آندھی چلی جو ریت کی سارا بدل گیا

صحرا کا ایک پل میں نظارہ بدل گیا

پھر سے ادھر نہ جانے کی تاکید دل نے کی

پر کیا کریں مزاج دوبارہ بدل گیا

تھوڑی سی فیصلے کی میسر ہو مہلتیں

سمجھیں تو اس سے پہلے اشارہ بدل گیا

تھا رنگ دھوپ کا تو برابر کھلا ہوا

بادل مگر نصیب کا مارا بدل گیا

لب بند تھے تو بات تھی کوئی بندھی ہوئی

کھلتے ہی جو بھرم تھا ہمارا بدل گیا

اب تو جہاں بھی دیکھو ہے دلدل کا سامنا

جس کا کنارہ سمجھے کنارہ بدل گیا

پرویزؔ آسمان کا منظر تو صاف تھا

دامن گھٹا نے جیسے پسارا بدل گیا

مزید غزلیں از پرویز وارث ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں