پرویز اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
طنز کرتا ہے آئنہ مجھ پر (غزل)
طنز کرتا ہے آئنہ مجھ پر
وقت کیسا یہ آ پڑا مجھ پر
ایک ہلکی سی ضرب ماری تھی
شہر سارا ہی آ پڑا مجھ پر
ایسا لگنے لگا ہے اب مجھ کو
ہر مصیبت کی انتہا مجھ پر
جان دے کر ہی ہو سکا ہے ادا
کئی صدیوں کا قرض تھا مجھ پر
سورۂ ناس پڑھتا رہتا ہوں
کوئی جادو نہ چل سکا مجھ پر
ڈھونڈنے ایک بھی نہیں نکلا
سبھی پڑھتے ہیں فاتحہ مجھ پر
عمر گزری وفا شعاری میں
قتل ہونا بھی فرض تھا مجھ پر
لوگ کرتے گئے کرم پہ کرم
قرض بڑھتا چلا گیا مجھ پر
چلتا رہتا ہوں بن تھکے پرویزؔ
کھلتا جاتا ہے راستہ مجھ پر
سب کی آنکھوں میں رہا کرتے تھے (غزل)
سب کی آنکھوں میں رہا کرتے تھے
فرد ہیں قوم ہوا کرتے تھے
اب تعلق میں غرض ہے شامل
دوست بچپن میں ہوا کرتے تھے
راستے تال تلیا، ٹیلے
کتنے رومان ہوا کرتے تھے
اس کا خوش ہونا بہت بھاتا تھا
ہم نشانے کو خطا کرتے تھے
عشق پروان وہاں چڑھتا تھا
جہاں آسیب رہا کرتے تھے
ہاتھ تو اب بھی ملاتے ہیں لوگ
دل مگر پہلے ملا کرتے تھے
دست برداری ہمیں آتی تھی
ہم کہا مان لیا کرتے تھے
کر لیا خود کو ہی برباد آخر
وقت برباد کیا کرتے تھے
پہلے آنکھوں کو میسر تھے آپ
پہلے ہم شعر کہا کرتے تھے
ہم غبار رہ گزر (نظم)
ہم غبار رہ گزر
ہے یہ قصہ مختصر
سن زمیں کی سسکیاں
آسماں نیچے اتر
ایک اکیلی جان ہے
چار سمتوں میں بھنور
سو دکانیں کھل گئیں
اک خدا کے نام پر
آدمی خوش ہے بہت
آدمی کو مار کر
زندگی کا لطف لے
امتحانوں سے گزر
ذہن کی بیداریاں
اک مسلسل درد سر
آئے گی افتاد بھی
ایک دن افتاد پر
غیر سے رشتے بنا
صحن میں دیوار کر
واقعی ناراض ہوں
راستہ ہموار کر
مطمئن سے ہو گئے
آئنے کو توڑ کر
آفتیں ٹوٹیں بہت
اس دل نادار پر
لگ کبھی سینے سے لگ
کر کبھی حیران کر
آخرش جی ہی لئے
اپنے جی کو مار کر
اے خدا میرے خدا
راستہ آسان کر