پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پروین کمار اشک کی غزلیں — Parveen Kumar Ashk Ghazals

پروین کمار اشک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں ریت کا محل ہوں مرے پاسباں درخت (غزل)

میں ریت کا محل ہوں مرے پاسباں درخت

سینے پہ روک لیتے ہیں سب آندھیاں درخت

دیکھے گئے تھے جس کے تلے دو جواں بدن

لوگوں نے ٹکڑے ٹکڑے کیا وہ جواں درخت

ڈھونڈیں گے اب پرند کہاں شام کو پناہ

جنگل کی آگ کھا گئی سب ڈالیاں درخت

پھل دار تھا تو گاؤں اسے پوجتا رہا

سوکھا تو قتل ہو گیا وہ بے زباں درخت

سورج تھا دکھ کا سر پہ کہ تھیں غم کی بارشیں

دشت سفر میں میرے بنے سائباں درخت

کیسی ہوا چلی ہے کہ پھر چیخ چیخ کر

سب کو سنا گئے ہیں مری داستاں درخت

سو بار میرے جسم کو چھو کر گئی بہار

پھر بھی ہوں اشکؔ سوکھا ہوا نیم جاں درخت

موسم سوکھے پیڑ گرانے والا تھا (غزل)

موسم سوکھے پیڑ گرانے والا تھا

کسی کسی میں پھول بھی آنے والا تھا

پار کے منظر نے موقعے پر آنکھیں دیں

میں اندھا دیوار اٹھانے والا تھا

اس نے بھی آنکھوں میں آنسو روک لیے

میں بھی اپنے زخم چھپانے والا تھا

تم نے کیوں بارود بچھا دی دھرتی پر

میں تو دعا کا شہر بسانے والا تھا

وہ لڑکی تو کب کی مر گئی یاد آیا

میں کس کو آواز لگانے والا تھا

گھر کے چراغ نے آگ لگا دی بستی میں

میں سورج دہلیز پہ لانے والا تھا

میری دنیا کیسے اس کو راس آتی ہے

اس کا ہر انداز زمانے والا تھا

بچے اشکؔ کو پاگل کہہ کر بھاگ گئے

وہ پریوں کی کتھا سنانے والا تھا

مزید غزلیں از پروین کمار اشک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں