پرکاش فکری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پہاڑوں سے اترتی شام کی بے چارگی دیکھیں (غزل)
پہاڑوں سے اترتی شام کی بے چارگی دیکھیں
درختوں پر لرز کر بجھ رہی ہیں آخری کرنیں
بہت ہی سرد ہے اب کے دیار شوق کا موسم
چلو گزرے دنوں کی راکھ میں چنگاریاں ڈھونڈیں
بھلا پتھر بھی روتے ہیں کبھی شیشے کے زخموں پر
اگر ہوتا ہے ایسا تو حساب دوستاں بھولیں
سواد شام میں ڈھونڈیں کوئی مانوس سا چہرہ
ہوا کی رہ گزر پہ ایک ننھا سا دیا رکھیں
کہاں الفاظ دیتے ہیں ہمارا ساتھ اب فکریؔ
کہے اشعار سب بے جاں ہوئیں بے کار سب غزلیں
احساس زیاں چین سے سونے نہیں دیتا (غزل)
احساس زیاں چین سے سونے نہیں دیتا
رونا بھی اگر چاہوں تو رونے نہیں دیتا
ساحل کی نگاہوں میں کوئی درد ہے ایسا
موجوں کو مری ناؤ ڈبونے نہیں دیتا
کیا جانیے کس بات پہ دشمن ہوا موسم
سرسبز کسی شاخ کو ہونے نہیں دیتا
لرزاں ہے کسی خوف سے جو شام کا چہرہ
آنکھوں میں کوئی خواب پرونے نہیں دیتا
اک زہر سلگتا ہے رگ جاں میں جو فکریؔ
اک پل بھی تری یاد میں کھونے نہیں دیتا