پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پنڈت عکس لکھنوی کی غزلیں — Pandit Aks Lucknowi Ghazals

پنڈت عکس لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آئی قریب شام تو ایسا لگا چراغ (غزل)

آئی قریب شام تو ایسا لگا چراغ

اپنی ہی روشنی سے نہیں آشنا چراغ

سکتے میں لوگ آ گئے روشن ہوا خیال

جیسے سبھی کے واسطے منظر ہوا چراغ

الفاظ ان کے دینے لگے روشنی تمام

تعریف میں چراغ کی جب بھی کہا چراغ

ماتھے پہ تھا پسینہ بدن بھی تھا چور چور

تھا گیسوؤں میں رات کی الجھا ہوا چراغ

تھا اس کے تیوروں میں جنوں انقلاب کا

جو آندھیوں کے طاق میں جلتا رہا چراغ

وحشت کے دائرے میں کئی زندگی تمام

جگنو کی زندگی کو میں لکھتا رہا چراغ

اے عکسؔ کھڑکیوں کو کھلا چھوڑ دے ذرا

کمرے کے بند گھیروں سے گھبرا گیا چراغ

ہم جیسے دل مضطر کی طرح زخموں کا مداوا کون کرے (غزل)

ہم جیسے دل مضطر کی طرح زخموں کا مداوا کون کرے

اک چارہ گر دل کی خاطر پھر طرفہ تماشا کون کرے

طوفان سے بچنے کی خاطر ساحل سے تقاضا کون کرے

موسم تو بدلتا رہتا ہے موسم کا بھروسہ کون کرے

گرداب تلاطم موج سفر مستول سفینہ ساحل ریت

ان سب سے الجھنے والوں میں دریا سے کنارہ کون کرے

کچھ کام قناعت سے بھی لو کچھ خواب ادھورے رہنے دو

قطرے میں سمایا ہو دریا تو پیاس کو رسوا کون کرے

آلام کی افراتفری میں انسان جئے تو کیسے بھلا

مرنا بھی جہاں آسان نہ ہو جینے کی تمنا کون کرے

ہے داؤں پر اپنی جان مگر لب پر نہ کوئی شکوہ نہ گلہ

اب عشق کے کاروبار میں بھی تل بھر بھی خسارہ کون کرے

دل اس کی طرف ہے جس کی طرف دنیا ہے مری آنکھیں ہیں عکسؔ

کیا اس سے زیادہ اور کہوں ظاہر میں اشارہ کون کرے

مزید غزلیں از پنڈت عکس لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں