پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اسامہ خالد کی غزلیں — Osama Khalid Ghazals

اسامہ خالد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کنڈی بجا کے اس لیے بھاگا نہیں ہوں میں (غزل)

کنڈی بجا کے اس لیے بھاگا نہیں ہوں میں

دکھتا نہیں کسی کو تو سوچا نہیں ہوں میں

پچھلے برس کی بات ہے کچھ لوگ آئے تھے

دستک سنی تو کمرے سے چیخا نہیں ہوں میں

جانے میں کس کا جسم ہوں اور کس کے پاس ہوں

ڈھونڈا ہے خود کو ہر جگہ ملتا نہیں ہوں میں

لے جاؤ مجھ کو مجھ سے مگر ایک بات ہے

لمبے سفر کے واسطے اچھا نہیں ہوں میں

سایا ہوں اور دن ڈھلے بجھ وجھ گیا ہوں کیا

دیکھا ہے آج آئنہ دکھتا نہیں ہوں میں

ناخن چبھو کے بھانپ لو مجھ میں مرا وجود

کتنا ہوں اپنے آپ میں کتنا نہیں ہوں میں

ممکن ہے یہ ملال تمہیں بھی فریب دے

جیسا مجھے بنایا تھا ویسا نہیں ہوں میں

اک اک دکاں سے پوچھا کہ میں دستیاب ہوں

انکار سن کے بجھ گیا اچھا نہیں ہوں میں

ٹھیک ہے ان دنوں خود پر ذرا غصہ ہوں میں (غزل)

ٹھیک ہے ان دنوں خود پر ذرا غصہ ہوں میں

پھر بھی اپنی سبھی حرکات کو تکتا ہوں میں

آنکھ کی میز پہ رکھا ہے مرا خواب سفر

اور بستر پہ شکن ڈال کے سویا ہوں میں

مصلحت ڈھونڈتے پھرتے ہو سبھی کاموں میں

تم کو بیمار نہیں لگتا تو اچھا ہوں میں

وقت وحشت مجھے پہچان نہیں پاتا کوئی

پھر بتاتا ہوں فلاں شخص کا بیٹا ہوں میں

تم جو چاہو تو مجھے پیڑ کا حصہ کر دو

ورنہ پیروں تلے روندا ہوا پتا ہوں میں

چند لمحوں کا دھواں عکس میں تبدیل ہوا

اور میں جھوم کے کہنے لگا دیکھا ہوں میں

سخت بیماری میں رکھتا ہوں خیال آپ اپنا

خود سے خود پوچھتا رہتا ہوں کہ کیسا ہوں میں

بارہویں مرتبہ (نظم)

بارہویں مرتبہ

موت کا خواب تکمیل تک آتے آتے کہیں رہ گیا ہے

مجھے کوئی زخموں کے ٹانکے لگانا سکھا دے

تو میں اپنا چمڑا اسے دان کر دوں گا

پھر چاہے وہ اس کے جوتے بنائے

یا اپنی بلاؤں کا صدقہ اتارے

اگر دیوتاؤں میں جھگڑا ہوا اور تم اس زمیں پر

کسی ان سنے قہقہے کے شکم سے بر آمد ہوئے

تو میں اپنی پوروں پہ اگتی ہوئی رات سے تم میں اتنی اداسی بھروں گا

کہ تم چیختے چیختے ایک دم ہست ہونے لگو گے

لپٹ جاؤ گے مجھ میں پیوست ہونے لگو گے

مگر میں ابھی تیرہواں خواب آنکھوں میں پیوست کرنے لگا ہوں

مزید غزلیں از اسامہ خالد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں