اونکار گلشن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
راز کی بات سر عام نہ آنے دیں گے (غزل)
راز کی بات سر عام نہ آنے دیں گے
ہم ترے نام پہ الزام نہ آنے دیں گے
یہ مخالف مجھے آرام نہ آنے دیں گے
تیرا مجھ تک کوئی پیغام نہ آنے دیں گے
اپنی برباد محبت کے فسانے میں صنم
تیرا بھولے سے کہیں نام نہ آنے دیں گے
پھر بہانے سے مری نبض انہوں نے دیکھی
وہ مرے درد کو آرام نہ آنے دیں گے
اب سنا ہے کہ وہ اس طرح ستائیں گے مجھے
اپنا سایا بھی لب بام نہ آنے دیں گے
چھین سکتا ہے تو اٹھ چھین لے بڑھ کر گلشنؔ
لوگ حصے میں ترے جام نہ آنے دیں گے
قدم قدم پہ اندھیرا ہے کیا کیا جائے (غزل)
قدم قدم پہ اندھیرا ہے کیا کیا جائے
نظر سے دور سویرا ہے کیا کیا جائے
جہاں پہ ٹھہرے ہیں اس گاؤں کا یہ عالم ہے
ہر ایک شخص لٹیرا ہے کیا کیا جائے
جنہیں مدد کی ضرورت ہے آج کل یارو
انہیں پہ ظلم کا گھیرا ہے کیا کیا جائے
جہاں پہ نیای کی امید لے کے آئے ہیں
وہ ہی ٹھگوں کا سا ڈیرا ہے کیا کیا جائے
جدھر بھی جاؤ سیاست نے اس طرف گلشنؔ
ہوا میں زہر بکھیرا ہے کیا کیا جائے