پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عمائمہ یوسف کی غزلیں — Omaima Yusuf Ghazals

عمائمہ یوسف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب یہی صورت دیدار بنا لیتے ہیں (غزل)

اب یہی صورت دیدار بنا لیتے ہیں

ان سے ملنے کا حسیں خواب سجا لیتے ہیں

ہم وہی لوگ تھے ہر بات پہ رونے والے

ہم جو اشکوں کو بھی اب راز بنا لیتے ہیں

ہم ہیں بے رحمیٔ حالات سے واقف پھر بھی

آنکھ میں روز نئے خواب سجا لیتے ہیں

شہر جاناں کے سبھی لوگ ہیں دشمن میرے

دیکھ لینے کو بھی افسانہ بنا لیتے ہیں

کاسۂ چشم کو خیرات میں آنسو دے کر

دل سے یہ بوجھ اداسی کا ہٹا لیتے ہیں

زندگی دیکھتے رہتے ہیں تجھے حیرت سے

اور دیوار سے بس سر کو ٹکا لیتے ہیں

بظاہر ٹھیک لگتے ہو مگر یہ آنکھ کیوں نم ہے (غزل)

بظاہر ٹھیک لگتے ہو مگر یہ آنکھ کیوں نم ہے

خوشی پر رو دئے ہو کیوں تمہیں کس بات کا غم ہے

کبھی ہنستی ہوئی نم آنکھ دیکھو گے تو سمجھو گے

ہیں غم کی صورتیں کتنی خوشی کے بعد بھی غم ہے

اذیت جھیلنی ہوگی یہاں بس آخری دم تک

جہاں میں جس قدر جتنا جسے ہے عارضی غم ہے

دیا مسلک کا جلتا ہے دل مسلم کی راہوں میں

جہاں روشن تو ہے لیکن ابھی بھی روشنی کم ہے

یہاں وعدے نبھانے کا کہیں گے آخری دم تک

کسے معلوم کب کس کا یہاں پر آخری دم ہے

ہنر سے دکھ کریدیں تب کہیں اشعار بنتے ہیں

رسائی کم سہی لیکن تمہاری داد بھی کم ہے

مزید غزلیں از عمائمہ یوسف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں