پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبید الرحمان نیازی کی غزلیں — Obaidurrahman Niyazi Ghazals

عبید الرحمان نیازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پسند نا پسند کا کوئی بھی ضابطہ نہیں (غزل)

پسند نا پسند کا کوئی بھی ضابطہ نہیں

کبھی بھلا بھی ہے برا کبھی برا برا نہیں

تو جیسے دھوپ میں چمکتا برف پوش کوہسار

میں کالی رات کا دیا تو میرے حسن سا نہیں

وہ ہنستا بستا شخص تھا دلوں پہ سب کے نقش تھا

پھر ایک دن کہیں گیا کہاں گیا پتا نہیں

یہ کیا حسین باغ ہے یہاں ہیں کتنی تتلیاں

وہ ایک کیوں نہیں یہاں نہیں یہاں مزہ نہیں

تمام رات جاگ کر کٹی ہے اس کے واسطے

مری سحر نہیں ہوئی وہ مہر تو دکھا نہیں

یہ کیا عجیب عشق ہے جو فون پر ہی ہو گیا

قرابتوں کا شوق ہی دلوں میں اب رہا نہیں

یہ بزم شب سجا رہے ہیں رنگ رنگ قمقمے

مگر یہ کیسی بزم ہے کہ اک بھی دل جلا نہیں

سنا ہے میرے بارے میں چھپی ہیں آج سرخیاں

یہ رائیگاں چھپی ہیں ان لبوں نے گر پڑھا نہیں

ساری دنیا گنوا کے بیٹھا ہوں (غزل)

ساری دنیا گنوا کے بیٹھا ہوں

اپنی دنیا بنا کے بیٹھا ہوں

عمر بھر کی تھکان ہو گئی ہے

ایک لمحہ بتا کے بیٹھا ہوں

ٹوٹا پتا ہوں اور یہ سوچتا ہوں

کس سے دامن چھڑا کے بیٹھا ہوں

کیا خبر کوئی رنگ بھر ہی دے

چند خاکے بنا کے بیٹھا ہوں

ایک بھٹکا ہوا پرندہ ہوں

ڈال پر سر جھکا کے بیٹھا ہوں

کوئی آئے گا تو جلا دے گا

دل کی بتی بجھا کے بیٹھا ہوں

اب کوئی اور کھیل پیش کرو

زندگی آزما کے بیٹھا ہوں

مزید غزلیں از عبید الرحمان نیازی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں