پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نصرت مہدی کی غزلیں — Nusrat Mehdi Ghazals

نصرت مہدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کترا کے زندگی سے گزر جاؤں کیا کروں (غزل)

کترا کے زندگی سے گزر جاؤں کیا کروں

رسوائیوں کے خوف سے مر جاؤں کیا کروں

میں کیا کروں کہ تیری انا کو سکوں ملے

گر جاؤں ٹوٹ جاؤں بکھر جاؤں کیا کروں

پھر آ کے لگ رہے ہیں پروں پر ہوا کے تیر

پرواز اپنی روک لوں ڈر جاؤں کیا کروں

جنگل میں بے امان سی بیٹھی ہوئی ہوں میں

آواز کس کو دوں میں کدھر جاؤں کیا کروں

کیا حکم آپ کا ہے مرے واسطے حضور

جاری سفر رکھوں کہ ٹھہر جاؤں کیا کروں

کب تک سنوں بہار میں خوشبو کی دستکیں

کیوں اے غم حیات سنور جاؤں کیا کروں

عشق میں مجنوں و فرہاد نہیں ہونے کے (غزل)

عشق میں مجنوں و فرہاد نہیں ہونے کے

یہ نئے لوگ ہیں برباد نہیں ہونے کے

یہ جو دعوے ہیں محبت کے ابھی ہیں جاناں

اور دو چار برس بعد نہیں ہونے کے

کیا کہا توڑ کے لاؤ گے فلک سے تارے

دیکھو ان باتوں سے ہم شاد نہیں ہونے کے

نقش ہیں دل پہ مرے اب بھی تمہارے وعدے

خیر چھوڑو وہ تمہیں یاد نہیں ہونے کے

گھر لیے پھرتی ہوں ہر وقت تمہارے پیچھے

تم مگر وہ ہو کہ آباد نہیں ہونے کے

منع ہے رسم و رواجوں سے بغاوت کرنا

یہ سبق مجھ کو مگر یاد نہیں ہونے کے

ہم نے خود پہنی ہے نصرتؔ یہ وفا کی زنجیر

ہم تو خود ہی کبھی آزاد نہیں ہونے کے

ہر طرف مہکی ہوئی میرے چمن کی خوشبو (نظم)

ہر طرف مہکی ہوئی میرے چمن کی خوشبو

ہے فضاؤ میں اذانوں کی بھجن کی خوشبو

مجھ کو ورثے میں ملی گنگ و جمن کی خوشبو

میری ہر سانس میں بستی ہے وطن کی خوشبو

چھائی رہتی ہے مرے سر پہ گھٹاؤں کی طرح

ہاں یہ خوشبو ہے مری ماں کی دعاؤں کی طرح

دل کی دنیا ہوئی گل زار اسی خوشبو سے

شاعری ہے مری سرشار اسی خوشبو سے

ہے یہ رعنائیٔ افکار اسی خوشبو سے

ہے معطر مرا کردار اسی خوشبو سے

ایک دن میں اسی خوشبو ہی میں کھو جاؤں گی

اوڑھ کر خاک وطن خاک میں سو جاؤں گی

مزید غزلیں از نصرت مہدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں