ندرت نواز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پہلے خود کو جلائے گا سورج (غزل)
پہلے خود کو جلائے گا سورج
پھر کہیں جگمگائے گا سورج
لمحہ لمحہ کرے گا ایک جگہ
اور صدیاں بنائے گا سورج
میرے آنسو نہ پی سکا اب تک
یوں تو دریا سکھائے گا سورج
بہتے پانی میں جھانک لینے دو
خود بخود ڈگمگائے سورج
زلف لہرا کے مت چلو دن میں
راستہ بھول جائے گا سورج
چل کے ندرت نوازؔ کے گھر تک
جانے کس روز آئے گا سورج
وہ جدھر بھی نظر اٹھاوے ہے (غزل)
وہ جدھر بھی نظر اٹھاوے ہے
زندگی کا پتہ بتاوے ہے
دور تک کوئی بھی نہیں اب تو
کون یہ شور سا مچاوے ہے
اس سڑک پر وہ گھر نہیں ملتا
جو سڑک اس کے گھر کو جاوے ہے
کوئی تو بات ہے جو میں چپ ہوں
ورنہ یوں کون دل جلاوے ہے
میں تو اس کا پتہ ہوں لیکن وہ
مجھ سے اپنا پتہ چھپاوے ہے
اس سے کٹتا نہیں درخت کوئی
نرم شاخوں کو وہ جھکاوے ہے
سہما رہتا ہوں گھر کے اندر بھی
جانے کیا شے مجھے ڈراوے ہے
آؤ ندرت نوازؔ لوٹ چلو
وہ کہاں اپنے لب ہلاوے ہے
مزید غزلیں از ندرت نواز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں