پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Noor E Shama Noor کی غزلیں — Noor E Shama Noor Ghazals

Noor E Shama Noor کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کہیں زمین کہیں آسمان چھوڑ آئے (غزل)

کہیں زمین کہیں آسمان چھوڑ آئے

دیار کرب میں اپنا مکان چھوڑ آئے

نئے سفر پہ نئے موسموں نے دی آواز

کڑی تھی دھوپ مگر سائبان چھوڑ آئے

یہ جان کر بھی کہ نا‌ مہربانیاں ہوں گی

پرانے شہر میں سب مہربان چھوڑ آئے

تلاطم غم دوراں میں بہہ گئے پتوار

ہوا کے ہاتھ میں ہم بادبان چھوڑ آئے

جہاں سے اذن تکلم کبھی نہیں ملتا

وہیں پہ اپنی دریدہ زبان چھوڑ آئے

ہمیں پتا تھا کہ معجز بیانیاں ہوں گی

زبان خلق مگر بد گمان چھوڑ آئے

جہاں کسی کو بھی اپنا پتا نہیں ملتا

وجود نورؔ وہیں بے نشان چھوڑ آئے

زندگی تھوڑی سی مہلت تو کبھی دی ہوتی (غزل)

زندگی تھوڑی سی مہلت تو کبھی دی ہوتی

زندہ رہنے کی اجازت تو کبھی دی ہوتی

چاند نے ہاتھ مرا پیار سے تھاما ہوتا

چاندنی چھونے کی مہلت تو کبھی دی ہوتی

کتنے کھوئے ہوئے لمحوں کا خیال آتا ہے

ڈھونڈنے کی کوئی رخصت تو کبھی دی ہوتی

آپ کے شکوۂ بے جا کا گلہ کیا کرنا

آپ نے اپنی محبت تو کبھی دی ہوتی

کوئی اظہار وفا آپ سے کیسے کرتا

بات کہہ دینے کی جرأت تو کبھی دی ہوتی

اپنی ہی آنچ میں جلنے کے لئے اس دل کو

شعلۂ عشق کی حدت تو کبھی دی ہوتی

کاغذی پھول نگاہوں کو بھلے ہوں لیکن

ان گلوں کو کوئی نکہت تو کبھی دی ہوتی

جذب کا رقص کھلے عام نہیں ہے اچھا

کرب احساس کو خلوت تو کبھی دی ہوتی

سخت لہجوں کے رویوں کو بدلنے کے لئے

نورؔ جذبوں کو نزاکت تو کبھی دی ہوتی

ایک رجعت کے مرحلے میں رہوں (نظم)

ایک رجعت کے مرحلے میں رہوں

میں پلٹنے کے مشغلے میں رہوں

یہ تقاضہ تھا جانے والوں کا

بچھڑی نسلوں سے رابطے میں رہوں

میں کڑی ہوں گئے زمانوں کی

شہر ماضی کے خاک دانوں کی

راکھ ہوتے ہوئے جہانوں کی

بھولے بسرے ہوئے فسانوں کی

سہہ سکے گا نہ اب مزاج اپنا

نیش وحشت کی درد انگیزی

اپنی اقدار سے تصادم خیز

درد احساس کی نمو خیزی

ہم کو جو مل گیا تسلسل سے

نذر طوفان سنگ تو نہ کریں

اپنے اسلاف سے جو فیض ملا

اس کو وحشت برنگ تو نہ کریں

ہمیں ناموس کی وراثت کو

شعلۂ جاں بنا کے رکھنا ہے

اپنے ماضی سے رابطے کے لئے

اپنا ورثہ بچا کے رکھنا ہے

اپنے مٹتے ہوئے حوالوں کو

آنے والو بچا کے رکھنا ہے

ہم کو اب آس کے جزیروں میں

کشتیوں کو جلا کے رہنا ہے

ورنہ یہ ربط ٹوٹ جائے گا

اور تسلسل بھی چھوٹ جائے گا

مزید غزلیں از Noor E Shama Noor ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں