Nizam Naushahi Sambhali کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہیں تو مظلوم مگر تیغ اٹھا سکتے ہیں (غزل)
ہیں تو مظلوم مگر تیغ اٹھا سکتے ہیں
ظلم اور جبر کو مٹی میں ملا سکتے ہیں
حاکم وقت کے پیروں میں پڑے ہیں بزدل
کس طرح حق کی یہ آواز اٹھا سکتے ہیں
آپ کے واسطے قربان تو ہو جاؤں مگر
آپ اک لمحہ میں احسان بھلا سکتے ہیں
اپنے ہونٹوں پہ محبت کا تبسم رکھ کر
آپ چاہیں جسے دیوانہ بنا سکتے ہیں
جتنے بھی گونگے ہیں وہ بولنے لگ جائیں اگر
ایک ظالم کو یہ مسند سے اٹھا سکتے ہیں
بس یہی بات کہ وہ پہلی محبت ہے نظامؔ
ورنہ ہم تو اسے اوقات دکھا سکتے ہیں
دل مرا توڑ کر گئے تم بھی (غزل)
دل مرا توڑ کر گئے تم بھی
رخ بچا کے گزر گئے تم بھی
جانا کب تھا مگر گئے تم بھی
اس زمانے سے ڈر گئے تم بھی
وہ جدھر تھا ادھر گئے تم بھی
سامنے سے مکر گئے تم بھی
جیسے دنیا اتار پھینکی ہے
ویسے دل سے اتر گئے تم بھی
میں سمجھتا تھا تم سمجھتے ہو
یار دولت پہ مر گئے تم بھی
تم بھی ظالم کا ساتھ دینے لگے
اپنے اجداد پر گئے تم بھی
تم نے دنیا سمیٹ لی تھی مگر
چھوڑ کر مال و زر گئے تم بھی
ان سے کہہ دیں ملیں نظامؔ اگر
نفرتیں دل میں بھر گئے تم بھی