نشاط پروین برسوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں جانتی ہوں تری ذات کی کمی ہوں میں (غزل)
میں جانتی ہوں تری ذات کی کمی ہوں میں
تری نگاہوں سے الجھی ہوئی نمی ہوں میں
پٹخ رہی ہے مرے در پہ روشنی سر کو
کہ ظلمتوں کی وفادار ہو گئی ہوں میں
تجھے بلائے جو واپس پکارے جو تجھ کو
وہ آرزوئیں وہ آواز کھو چکی ہوں میں
جو درد تجھ پہ گزرنا تھا میں گزارتی ہوں
جو تیرے نام کا تھا زہر پی گئی ہوں میں
یہ بیٹیاں ہوا کرتی ہیں بیل کی طرح
سو ماں کی بات پہ پوری اتر گئی ہوں میں
خدا نے ایسا نوازا ہے نعمتوں سے مجھے
بنا پروں کے ہواؤں میں اڑ رہی ہوں میں
اجڑے ہوئے اس دل میں جگہ مانگ رہے ہو (غزل)
اجڑے ہوئے اس دل میں جگہ مانگ رہے ہو
تم اپنے لیے کیسی سزا مانگ رہے ہو
یہ عشق ہے کہتے ہیں اسے آگ کا دریا
تم آگ میں جلنے کی رضا مانگ رہے ہو
جو اپنے لیے صبح نئی ڈھونڈ رہا ہے
اس ڈوبتے سورج سے ضیا مانگ رہے ہو
صحرا کے بگولوں کا مقدر ہے بھٹکنا
دیوانے سے کس گھر کا پتہ مانگ رہے ہو
جن ہاتھوں میں قسمت کی لکیریں بھی نہیں ہیں
ان ہاتھوں میں تم رنگ حنا مانگ رہے ہو
جینے کی دعا دے کے مجھے اصل میں ہمدم
میرے لیے مرنے کی دعا مانگ رہے ہو