Nihal Aatish کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اہل وفا وفا کا ثمر مانگتے نہیں (غزل)
اہل وفا وفا کا ثمر مانگتے نہیں
دل مانگتے ہیں لعل و گہر مانگتے نہیں
اپنا وقار اپنی خودی جن کو ہے عزیز
وہ ہر کسی سے لطف و نظر مانگتے نہیں
اپنے جمال نور کا کچھ عکس دیجئے
ہم آپ سے تو شمس و قمر مانگتے نہیں
کرتے ہیں بالمشافہ ستاروں سے گفتگو
کرنوں کی بھیک اہل نظر مانگتے نہیں
ان کا خلوص چاہئے ان کی نگاہ لطف
آتشؔ کسی سے دولت و زر مانگتے نہیں
محافظ ہو چمن کے تم تو پھر فکر و نظر رکھ لو (غزل)
محافظ ہو چمن کے تم تو پھر فکر و نظر رکھ لو
لہو کی گر ضرورت ہو تو کچھ خون جگر رکھ لو
حصول آرزو میں منزلیں دشوار ہوتی ہیں
اگر صحرا سے گزرو تو سمندر کی خبر رکھ لو
تن نازک اور اس پہ یوں خرام ناز سے چلنا
یہ شہر سنگ ہے پتھر سے بچنے کا ہنر رکھ لو
کسی کی ذات پہ انگلی اٹھانے سے ذرا پہلے
ذرا اک آئنہ شفاف بھی زیر نظر رکھ لو
ہوس ہر گام پہ مد مقابل ہوگی اے آتش
بطور رہنما عقل و خرد ہر گام پہ رکھ لو