Nazim Jafri کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پھولوں کی برسات ہوئی ہے اور کچھ پتھر آئے ہیں (غزل)
پھولوں کی برسات ہوئی ہے اور کچھ پتھر آئے ہیں
اس بستی میں ہم دیوانے سوچ سمجھ کر آئے ہیں
حق نے شاید باطل کی بیعت سے پھر انکار کیا
آج سنا ہے بازاروں میں نیزوں پر سر آئے ہیں
میخانے میں شیخ حرم کو دیکھا تو موجود ملے
کس میں دم ہے پوچھ سکے کیوں آپ یہاں پر آئے ہیں
چند قدم پر بیٹھ گئے تھک کر منزل کے شیدائی
چہرے سے ایسا لگتا ہے میلوں چل کر آئے ہیں
صحرا صحرا گھوم رہے تھے تعبیروں کے چکر میں
بکھرے ہوئے سب خواب ملے ہیں لوٹ کے جب گھر آئے ہیں
اس کی انا نے پیاس کے عالم میں مرنا منظور کیا
ورنہ اس کے ہونٹوں تک خود کھنچ کے سمندر آئے ہیں
غیر شعوری طور پہ ان کے لب پہ مرے اشعار رہے
خبر ملی ہے ناظمؔ ایسے موقع اکثر آئے ہیں
کیسے کہوں کہ اس کا کرم مجھ پہ اب نہیں (غزل)
کیسے کہوں کہ اس کا کرم مجھ پہ اب نہیں
وہ شخص بے وفا ہے مگر بے ادب نہیں
میں وہ صحیفۂ سحری ہوں مرے عزیز
جس کے کسی ورق پہ بھی تحریر شب نہیں
نکلا تھا جب سفر پہ ہزاروں تھے ساتھ میں
منزل پہ چند لوگ ہی پہنچے تھے سب نہیں
ٹکرا کے مجھ سے چور ہوئیں ساری مشکلیں
اب کوئی حادثہ بھی مبارز طلب نہیں
میں نے تو ان کی شان میں کچھ بھی نہیں کہا
ناراضگی کا ان کی کوئی بھی سبب نہیں
میں نے چراغ رکھ دئے ہر اک فصیل پر
عرصہ ہوا کہ تیرگی شکوہ بہ لب نہیں