ناظم بریلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا ہے میرے دل کی حالت واقعی کیسے کہوں (غزل)
کیا ہے میرے دل کی حالت واقعی کیسے کہوں
کیوں ہے میری آنکھ میں اتنی نمی کیسے کہوں
میری اک اک سانس پہ حق ہے مرے اللہ کا
میں بھلا اس زندگی کو آپ کی کیسے کہوں
کون ہے میرا مخالف کس نے کی ہے مخبری
جانتا ہوں میں بتاؤں گا ابھی کیسے کہوں
شاعری تو واردات قلب کی روداد ہے
قافیہ پیمائی کو میں شاعری کیسے کہوں
یہ جو میرے گھر کے جلنے سے ہوئی ہے چار سو
لوگ کہتے ہیں کہیں میں روشنی کیسے کہوں
سامنے آیا تو ناظمؔ اس نے پہچانا نہیں
فیس بک کی دوستی کو دوستی کیسے کہوں
اشک چشم بت بے جاں سے نکل سکتا ہے (غزل)
اشک چشم بت بے جاں سے نکل سکتا ہے
آہ پر سوز سے پتھر بھی پگھل سکتا ہے
اپنے انداز تکلم کو بدل دے ورنہ
میرا لہجہ بھی ترے ساتھ بدل سکتا ہے
لوگ کہتے تھے کہ پھلتا نہیں نفرت کا شجر
ہم کو لگتا ہے کہ اس دور میں پھل سکتا ہے
میرے سینے میں محبت کی تپش باقی ہے
میری سانسوں سے ترا حسن پگھل سکتا ہے
چاند کی چاہ میں اڑتے ہوئے پنچھی کی طرح
دل بھی ناداں ہے کسی شے پہ مچل سکتا ہے
جذبۂ عشق سے روشن ہے مرا دل ناظمؔ
یہ دیا تیز ہواؤں میں بھی جل سکتا ہے