Nazeer Tabassum کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کلی کلی میں نہاں ہچکچاہٹیں پہچان (غزل)
کلی کلی میں نہاں ہچکچاہٹیں پہچان
تو شاخ گل پہ گل نو کی آہٹیں پہچان
لہو کی آنکھ سے پڑھ میرے ضبط کی تحریر
لبوں پہ لفظ نہ گن کپکپاہٹیں پہچان
میں پنکھڑی کی طرح اپنے ہونٹ وا کر دوں
تو تتلیوں کی طرح گنگناہٹیں پہچان
محاذ کھول دیا ہے تو گہری نیند نہ سو
ہوا کے بھیس میں ہیں سنسناہٹیں پہچان
یہ جھوٹے نگ ہیں مگر حسن سے تراشے ہیں
تو جوہری ہے اگر جگمگاہٹیں پہچان
وہ کالا سانپ ہے تجھ کو نظر نہ آئے گا
تو جھاڑیوں میں چھپی سرسراہٹیں پہچان
نذیرؔ لوگ تو چہرے بدلتے رہتے ہیں
تو اتنا سادہ نہ بن مسکراہٹیں پہچان
زندگی یوں ہوئی بسر تنہا (غزل)
زندگی یوں ہوئی بسر تنہا
جیسے وادی میں اک شجر تنہا
خوں طلب خواہشوں کے جنگل میں
کیسے کاٹو گے یہ سفر تنہا
چاندنی پتھروں پہ سوتی ہے
چاند پھرتا ہے در بدر تنہا
اپنی شاخوں کے ٹوٹ جانے پر
پیڑ روتے ہیں رات بھر تنہا
خوشبوؤں کی تلاش میں تتلی
اڑ رہی ہے نگر نگر تنہا
کون آئے گا اب نذیرؔ یہاں
دور تک حد رہ گزر تنہا