پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نظیر صدیقی کی غزلیں — Nazeer Siddiqui Ghazals

نظیر صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر شخص بن گیا ہے خدا تیرے شہر میں (غزل)

ہر شخص بن گیا ہے خدا تیرے شہر میں

کس کس کے در پہ مانگیں دعا تیرے شہر میں

مجرم ہیں سارے اہل وفا تیرے شہر میں

کیا خوب ہے وفا کا صلہ تیرے شہر میں

اہل ہوس کے نام سے ہیں روشناس خلق

ملتی ہے جن کو داد وفا تیرے شہر میں

رکھتے ہیں لوگ تہمتیں اپنے نصیب پر

کرتے ہیں یوں بھی تیرا گلا تیرے شہر میں

اپنوں پہ اعتماد نہ غیروں پہ اعتماد

یہ کیسی چل پڑی ہے ہوا تیرے شہر میں

ہوتا ہے کس مرض کا مداوا ترے یہاں

ملتی ہے کس مرض کی دوا تیرے شہر میں

رکھتے ہیں ہر جزا کو قیامت پہ منحصر

دیتے ہیں ہر خطا کی سزا تیرے شہر میں

بدل گئی ہے کچھ ایسی ہوا زمانے کی (غزل)

بدل گئی ہے کچھ ایسی ہوا زمانے کی

کہ عام ہو گئی عادت نظر چرانے کی

یہ بات کاش سمجھتے سبھی چمن والے

چمن لٹا تو نہیں خیر آشیانے کی

انہیں خبر نہیں وہ خود بھی آزمائے گئے

جنہیں تھی فکر بہت مجھ کو آزمانے کی

کوئی کلی نہ رہی پھر بھی مسکرائے بغیر

سزا اگرچہ مقرر تھی مسکرانے کی

ہوا یہی کہ وہ تکمیل تک پہنچ نہ سکا

بہت لطیف تھی تمہید جس فسانے کی

اک آپ ہی پہ نہیں منحصر جناب نظیرؔ

بڑے بڑوں کو ہوا لگ گئی زمانے کی

میں نے اک خواب تو دیکھا تھا ضرور (نظم)

میں نے اک خواب تو دیکھا تھا ضرور

لیکن اس خواب میں ایسی تو کوئی بات نہ تھی

جو حقیقت نہ بنے اور فسانہ ہی رہے

ہاں مگر شومیٔ تقدیر مری کام آئی

وہ فسانہ ہی رہا اور حقیقت نہ بنا

میں تہی دست یہاں آیا تھا

اور شاید تہی دامن ہی چلا جاؤں گا