پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نذیر قیصر کی غزلیں — Nazeer Qaisar Ghazals

نذیر قیصر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میری آنکھوں کو مری شکل دکھا دے کوئی (غزل)

میری آنکھوں کو مری شکل دکھا دے کوئی

کاش مجھ کو مرا احساس دلا دے کوئی

غرض اس سے نہیں وہ کون ہے کس بھیس میں ہے

میں کہاں پر ہوں مجھے میرا پتا دے کوئی

ڈھونڈھتا پھرتا ہوں یوں اپنے ہی قدموں کے نشاں

جیسے مجھ کو مری نظروں سے چھپا دے کوئی

دل کی تختی سر بازار لیے پھرتا ہوں

کاش اس پر تری تصویر بنا دے کوئی

یوں تجھے دیکھ کے چونک اٹھتی ہیں سوئی یادیں

جیسے سناٹے میں آواز لگا دے کوئی

دوسری سمت ہیں خوشبو کے افق کی صبحیں

رنگ کے کہرے کی دیوار گرا دے کوئی

سانس روکے ہوئے بیٹھے ہیں مکانوں میں مکیں

جانے کب اور کسے آ کے صدا دے کوئی

پیچھے مڑ کے دیکھنا اچھا لگا (غزل)

پیچھے مڑ کے دیکھنا اچھا لگا

گھر کا خالی راستہ اچھا لگا

ساحلوں پر ہاتھ لہرانے لگے

مجھ کو اپنا ڈوبنا اچھا لگا

شام جیسے آنکھیں جھپکانے لگی

اس کے ہاتھوں میں دیا اچھا لگا

بچے نے تتلی پکڑ کر چھوڑ دی

آج مجھ کو بھی خدا اچھا لگا

ہلکی بارش تھی ہوا تھی شام تھی

ہم کو اپنا بھیگنا اچھا لگا

وہ دریچے میں کھڑی اچھی لگی

ہار بستر پر پڑا اچھا لگا

جانتی تھی وہ میں رک سکتا نہیں

لیکن اس کا روکنا اچھا لگا

وہ تو قیصرؔ مر مٹی میرے لیے

جانے اس کو مجھ میں کیا اچھا لگا

مزید غزلیں از نذیر قیصر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں