پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نظیر باقری کی غزلیں — Nazeer Baaqri Ghazals

نظیر باقری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنی آنکھوں کے سمندر میں اتر جانے دے (غزل)

اپنی آنکھوں کے سمندر میں اتر جانے دے

تیرا مجرم ہوں مجھے ڈوب کے مر جانے دے

اے نئے دوست میں سمجھوں گا تجھے بھی اپنا

پہلے ماضی کا کوئی زخم تو بھر جانے دے

زخم کتنے تری چاہت سے ملے ہیں مجھ کو

سوچتا ہوں کہ کہوں تجھ سے مگر جانے دے

آگ دنیا کی لگائی ہوئی بجھ جائے گی

کوئی آنسو مرے دامن پہ بکھر جانے دے

ساتھ چلنا ہے تو پھر چھوڑ دے ساری دنیا

چل نہ پائے تو مجھے لوٹ کے گھر جانے دے

زندگی میں نے اسے کیسے پرویا تھا نہ سوچ

ہار ٹوٹا ہے تو موتی بھی بکھر جانے دے

ان اندھیروں سے ہی سورج کبھی نکلے گا نظیرؔ

رات کے سائے ذرا اور نکھر جانے دے

دھواں بنا کے فضا میں اڑا دیا مجھ کو (غزل)

دھواں بنا کے فضا میں اڑا دیا مجھ کو

میں جل رہا تھا کسی نے بجھا دیا مجھ کو

ترقیوں کا فسانہ سنا دیا مجھ کو

ابھی ہنسا بھی نہ تھا اور رلا دیا مجھ کو

میں ایک ذرہ بلندی کو چھونے نکلا تھا

ہوا نے تھم کے زمیں پر گرا دیا مجھ کو

سفید سنگ کی چادر لپیٹ کر مجھ پر

فصیل شہر پہ کس نے سجا دیا مجھ کو

کھڑا ہوں آج بھی روٹی کے چار حرف لیے

سوال یہ ہے کتابوں نے کیا دیا مجھ کو

نہ جانے کون سا جذبہ تھا جس نے خود ہی نظیرؔ

مری ہی ذات کا دشمن بنا دیا مجھ کو