پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نظر لکھنوی کی غزلیں — Nazar Lakhnawi Ghazals

نظر لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مسلماں دیکھ کر اب دل کی حیرانی نہیں جاتی (غزل)

مسلماں دیکھ کر اب دل کی حیرانی نہیں جاتی

کجا سیرت کہ صورت تک بھی پہچانی نہیں جاتی

حدیث غم سنانے سے پریشانی نہیں جاتی

مگر کچھ لوگ ہیں جن کی یہ نادانی نہیں جاتی

جناب شیخ بول اٹھیں بہ ہر مبحث بہ ہر موقع

کہ ان کی خوئے‌ پندار ہمہ دانی نہیں جاتی

سنا سیل تمنا میں ہزاروں شہر دل ڈوبے

مگر پھر بھی تمناؤں کی طغیانی نہیں جاتی

سجایا ہم نے تصویر بتاں سے خانۂ دل کو

مگر با ایں ہمہ اس گھر کی ویرانی نہیں جاتی

محمد مصطفی کی شان رفعت کوئی کیا جانے

جہاں وہ ہیں وہاں تک فکر انسانی نہیں جاتی

کیا لوگوں نے گرد آلود کتنا چہرۂ ماضی

نظرؔ حیرت ہے پھر بھی اس کی تابانی نہیں جاتی

جہاں میں جنس وفا کم ہے کالعدم تو نہیں (غزل)

جہاں میں جنس وفا کم ہے کالعدم تو نہیں

ہمارے حوصلۂ دل کو یہ بھی کم تو نہیں

ہم ایک سانس میں پی جائیں جام جم تو نہیں

سرشک غم ہیں پئیں گے پر ایک دم تو نہیں

تمہارے قہر کی خاطر اکیلے ہم تو نہیں

نگاہ مہر بھی ڈالو تمہیں قسم تو نہیں

خدا کا گھر ہے مرا دل یہاں صنم تو نہیں

یہ مے کدہ تو نہیں ہے یہ کچھ حرم تو نہیں

مرے غموں کا تجھے کیا لگے گا اندازہ

کہ تجھ کو اپنے ہی غم ہیں پرائے غم تو نہیں

مرے خیال میں پیچیدگی سہی لیکن

تمہاری زلفوں کی مانند پیچ و خم تو نہیں

جنوں نہیں ہمیں پیچھے لگیں جو دنیا کے

خدا کے بندے ہیں ہم بندۂ شکم تو نہیں

ہزار کیف بہشت بریں میں ہیں لیکن

دل اپنا جس کا ہے خوگر وہ کیف غم تو نہیں

لگے گی دیر سنبھلنے میں لغزش دل سے

سنبھل کھڑے ہوں نظر لغزش قدم تو نہیں

مزید غزلیں از نظر لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں