نوید فدا ستی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کسی نے دیکھا نہیں التجا کے لہجے میں (غزل)
کسی نے دیکھا نہیں التجا کے لہجے میں
ہزار پھول کھلے تھے دعا کے لہجے میں
جو آدمی ہے اسے آدمی ملوں گا میں
خدا سے بات کروں گا خدا کے لہجے میں
میں کوہسار پہ تیشہ بدست پہنچا تو
وہ شکل بول اٹھی اپسرا کے لہجے میں
یہ دن دکھائے ہے مجھ کو مری محبت نے
کہ مجھ سے بات کرو تم خدا کے لہجے میں
نہ جانے کون تھا کیا تھا مگر اچانک ہی
وہ ہم کلام ہوا انبیا کے لہجے میں
یہ اور بات کہ میں سن نہیں سکا ورنہ
دیے نے کچھ تو کہا تھا ہوا کے لہجے میں
دئے ہیں اس کو بہت درد اس زمانے نے
ہزار زخم ہیں پنہاں فداؔ کے لہجے میں
لفظ ترتیب سے رکھتا ہوں میں تمثیل کے ساتھ (غزل)
لفظ ترتیب سے رکھتا ہوں میں تمثیل کے ساتھ
کون کرتا ہے بیاں فلسفہ تفصیل کے ساتھ
اشک پیدا ہوا آنکھوں کی زمیں سے یک دم
آئنہ ٹوٹ گیا ہجر کی تکمیل کے ساتھ
میری آواز بہت دور تلک جائے گی
آیت ہجر سناؤں گا میں ترتیل کے ساتھ
میرے اشعار میں پیغام تھا دنیا کے لیے
میرا دیوان بھی رکھا گیا انجیل کے ساتھ
دن نکلتے ہی اترتا ہے کھلے پانی میں
جانے کیا ربط ہے سورج کا مری جھیل کے ساتھ
میری جانب بھی تو کچھ تشنہ دہاں آئے گیں
میرا دریا بھی تو بہتا ہے ترے نیل کے ساتھ
روشنی زخم چھپائے بھی تو کیسے آخر
میں نے سورج کو شکستہ کیا قندیل کے ساتھ
تو ہوس زاد ہے اے دوست بدن کا مارا
تیرا کچھ خاص تعلق ہے عزازیل کے ساتھ
ان کی پرواز پہ افلاک فداؔ ہوتا ہے
اب تو شاہین بھی اڑتے ہیں ابابیل کے ساتھ