پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نواب امراوبہادر دلیر کی غزلیں — Nawab Umrao Bahadur Diler Ghazals

نواب امراوبہادر دلیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جسے تم دیکھ لو ترچھی نظر سے (غزل)

جسے تم دیکھ لو ترچھی نظر سے

بہے خون جگر اس چشم تر سے

اگر کچھ بے رخی پائی نظر سے

لپٹ جاؤں گا قاتل کی کمر سے

پس دیوار نالے کس نے کھینچے

نکل آئے جو گھبرا کے وہ گھر سے

میں قائل کیوں نہ ہوں اپنی نگہ کا

لڑی ہے جا کے کس رشک قمر سے

مری صورت کوئی دیکھے شب وصل

اداسی منہ پہ ہے خوف‌ سحر سے

سوا اس دل کے کس کا حوصلہ ہے

ملائے آنکھ قاتل کی نظر سے

ہزاروں دل جگر ہوتے ہیں پامال

نکل جاتے ہیں وہ جس رہگزر سے

ہمیشہ گرم ہو پہلو عدو کا

ترا جانباز اک بوسہ کو ترسے

یہ ہیں کیا چیز ان کو کیوں چھپائیں

دل و جاں دونوں صدقے آپ پر سے

تڑپ کر کس طرح کاٹی ہیں گھڑیاں

اسے تم پوچھ لو درد جگر سے

شب غم ہے جو ملنے کا ارادہ

اجل مل لے ذرا درد جگر سے

نگاہیں پھیر کر کہنا کسی کا

نہ دیکھو ہم کو حسرت کی نظر سے

انہیں لے آئے گا سمجھا بجھا کر

نہیں امید یہ پیغامبر سے

جگر کہنا ہے دل سے حال اپنا

دل اپنا درد کہنا ہے جگر سے

دلیرؔ اپنے تو مرگ غیر پر بھی

نکل پڑتے ہیں آنسو چشم تر سے

اے دل ہوا ہے جیسے مرے دل کو تو پسند (غزل)

اے دل ہوا ہے جیسے مرے دل کو تو پسند

آیا کوئی حسین نہ ترے روبرو پسند

ٹانکے لگاؤ حلق پہ خنجر کو پھیر کر

پھر یہ کہو ہمیں ہے یہ طوق گلو پسند

ایمان سے خدا کے لئے تو ہی سچ بتا

واعظ کسی کو بھی ہے تری گفتگو پسند

آفت ہے زمزمہ تو غضب گٹکری کی تان

کیوں ہو نہ مجھ کو تجھ سا بت خوش گلو پسند

درد فراق میں دل صد چاک کو مرے

تار نگاہ یار ہے بہر رفو پسند

روز الست سے ہوں میں سرشار واعظو

کیوں ہو نہ مجھ کو بادہ و جام و سبو پسند

درد فراق دوست پہ مرتے ہیں دل جگر

دونوں کو ہے بس ایک یہی آرزو پسند

دیکھوں گا آنکھ اوٹھا کے نہ میں حور کی طرف

مر کر بھی ہاں رہے گی یہی آرزو پسند

جھوٹی ملے شراب جو اس بت کی ساقیا

کیوں ہو نہ زاہدوں کو وہ بہر وضو پسند

ابرو سے گو لڑا کبھی تیر نگاہ سے

دل کو ہے میرے جنگ یہ اے جنگجو پسند