Naushad Munis Aazmi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہمیں فرصت انہیں فرصت نہیں ہے (غزل)
ہمیں فرصت انہیں فرصت نہیں ہے
وصال یار کی صورت نہیں ہے
رہا برسوں سے اپنا گھر سمجھ کر
قفس سے کیوں کہوں الفت نہیں ہے
نگاہیں پھیر لو نظریں تمہاری
نظر بدلے مری عادت نہیں ہے
ہوس میں زر کی اتنی بے حیائی
نمک روٹی میں کیا راحت نہیں ہے
نہ بچوں میں رہی عزت بڑوں کی
بزرگوں میں بھی وہ شفقت نہیں ہے
رہوں گا خاک پہ کہ خاک کا ہوں
فلک پر اڑنے کی حاجت نہیں ہے
اچانک راہ میں رک کر وہ بولے
ہمیں منزل کی اب چاہت نہیں ہے
خبر اوروں سے ہی مونسؔ کی لے لو
تمہیں ملنے کی گر مہلت نہیں ہے
بزم احباب بھی میرے لئے تنہائی ہے (غزل)
بزم احباب بھی میرے لئے تنہائی ہے
میں نے اخلاص کی کیا خوب سزا پائی ہے
جانے کیوں پہلی ملاقات میں احساس ہوا
آج کل کی نہیں برسوں کی شناسائی ہے
شکر ہے تیرا صبا تو نے یہ احساس کیا
خوشبوئے زلف صنم لے کے ادھر آئی ہے
دور ہو جائے گی تاریکی شب ہجراں کی
آ مرے چاند کہ سونی مری انگنائی ہے
دل کھنچا جاتا ہے اب کوچۂ قاتل کی طرف
دیکھیے آج قضا لے کے کہاں آئی ہے
اب کرو بند بھی آنکھوں کے دریچے مونسؔ
محفلیں ختم ہوئیں عالم تنہائی ہے