پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نسرین سید کی غزلیں — Nasreen Syed Ghazals

نسرین سید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھے خبر ہے رلائے گی زار زار مجھے (غزل)

مجھے خبر ہے رلائے گی زار زار مجھے

یہ ایک طرفہ محبت تو دے گی مار مجھے

ترس گئی ہوں ترے لمس کی تمازت کو

نہ منجمد کہیں کر دے یہ انتظار مجھے

مجھے نہیں ہے محبت میں دیوتا ہونا

میں تھک چکی ہوں اب اس اوج سے اتار مجھے

کبھی تو دیکھ ترے در پہ آن بیٹھی ہوں

کبھی تو اپنے غلاموں میں کر شمار مجھے

نہ دیجو عشق میں مجھ کو قناعتوں کا سبق

کہ چاہیے ہے ترا لطف بے شمار مجھے

بسر کروں تری قربت میں اپنی عمر تمام

میں چاہتوں سے بھرا وقت ہوں گزار مجھے

قرار دل کو میسر نہ چین تن کو مرے

لگایا عشق نے کیسا یہ اضطرار مجھے

سخن کو ملتی ہے تاثیر کھلتے زخموں سے

یہ رنج و غم تو ہوئے خوب سازگار مجھے

کبھی تو کھل کے کرے بات کھل گیا نسریںؔ

سخن کے باب میں اس کا یہ اختصار مجھے

غم جہان ہوا یا وہ ہجر یار ہوا (غزل)

غم جہان ہوا یا وہ ہجر یار ہوا

نہ پوچھ دامن دل کیسے تارتار ہوا

رہے ہیں مسلک وحدانیت کے ہم قائل

بس ایک عشق ہوا اور دوانہ وار ہوا

اڑا کے لائی ہے کس زلف و پیرہن کی مہک

نفس ہوائے معنبر سے مشک بار ہوا

قرار چین سکوں دل کا ہو گیا رخصت

کسی کے عشق میں لاحق وہ اضطرار ہوا

مری طلب تھی قناعت سے ماورا یوں بھی

ہزار شکر ترا لطف بے شمار ہوا

سخن میں اتری ہے تاثیر معجزے کی طرح

یہ تیرا غم تو مجھے خوب سازگار ہوا

کیا جو تم نے نہیں پیار کاروبار تھا وہ

کیا جو ہم نے عبادت میں وہ شمار ہوا

عنایتوں سے تری حرف ہو گئے روشن

ترا کرم ہے سخن ایسا شاہکار ہوا

کسی نظر سے کھلا پھول دل کا یوں نسریںؔ

خزاں کا دور مجھے موسم بہار ہوا

مزید غزلیں از نسرین سید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں