پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نسرین نقاش کی غزلیں — Nasreen Naqqash Ghazals

نسرین نقاش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم نے ہونٹوں پہ تبسم کو سجا کر دیکھا (غزل)

ہم نے ہونٹوں پہ تبسم کو سجا کر دیکھا

یعنی زخموں کو پھر اک بار ہرا کر دیکھا

ساری دنیا میں نظر آنے لگے تیرے نقوش

پردہ جب چشم بصیرت سے اٹھا کر دیکھا

دور پھر بھی نہ ہوئی قلب و نظر کی ظلمت

ہم نے خوں اپنا چراغوں میں جلا کر دیکھا

اپنا چہرہ نظر آیا مجھے اس چہرے میں

اس کے چہرے سے جو چہرے کو ہٹا کر دیکھا

وہ تعلق تری اک ذات سے جو تھا مجھ کو

اس تعلق کو بہر حال نبھا کر دیکھا

برف ہی برف نظر آتی ہے تا حد نظر

زندگی ہم نے تری کھوج میں جا کر دیکھا

جاوداں ہو گیا ہر نغمۂ پر درد مرا

میرے ہونٹوں سے زمانے نے چرا کر دیکھا

کیا حقیقت ہے کیا کہانی ہے (غزل)

کیا حقیقت ہے کیا کہانی ہے

مختصر اپنی زندگانی ہے

ٹوٹ کر بہہ رہی ہیں چٹانیں

آج غم میں بڑی روانی ہے

کاش پردیس سے چلے آؤ

آج کی شب بڑی سہانی ہے

آج تک انتظار ہے اس کا

ایک لڑکی بڑی دوانی ہے

آج پہچانتا نہیں مجھ کو

میں نے ہر بات جس کی مانی ہے

تجھ کو اپنا بنا کے چھوڑوں گی

اب یہی بات دل میں ٹھانی ہے

اس کو پانے کی آس میں نسرینؔ

ہم نے صحرا کی خاک چھانی ہے

مزید غزلیں از نسرین نقاش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں