Nasr Ghazali کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
باہر باہر دیکھ چکا تو اب کچھ اپنے اندر دیکھ (غزل)
باہر باہر دیکھ چکا تو اب کچھ اپنے اندر دیکھ
نظارے کا لطف یہی ہے الگ الگ ہر منظر دیکھ
اوپر اوپر بہتا پانی نیچے نیچے آگ دبی
جلتی بجھتی آگ کے اندر صحرا دیکھ سمندر دیکھ
آگ پہ چلنا دار پہ چلنا دن کے نگر کا قصہ یہ
شب کی کہانی یہ کہ بدن پر بے خوابی کی چادر دیکھ
رستے بستے گھر ہی نہیں آباد ہے سارا شہر مگر
اک آسیبی سناٹا ہے اندر دیکھ کہ باہر دیکھ
گھر والے بیزار گھروں سے دلوں سے غائب دل داری
یہی تماشا اپنے گھر میں یہی تماشا گھر گھر دیکھ
کچھ کچھ آنکھ میں درد چھپائے کچھ کچھ دل میں ڈرتا سا
آس کی سوکھی شاخ پہ بیٹھا ایک پرندہ بے پر دیکھ
اپنا اپنا سر کاندھے پر سر پر اپنا اپنا بوجھ
دنیا گھر کا بوجھ اٹھائے مجھ کو دیکھ سراسر دیکھ
رخ بہار پہ عکس خزاں بھی کتنی دیر (غزل)
رخ بہار پہ عکس خزاں بھی کتنی دیر
مخالفت پہ تلا آسماں بھی کتنی دیر
کسی کا نام کسی کا نشاں بھی کتنی دیر
ہو جسم خاک تو پھر استخواں بھی کتنی دیر
شکست و ریخت کی اس منزل پریشاں میں
یقیں کی عمر بھی کتنی گماں بھی کتنی دیر
بندھا ہے عہد جو تیغ و گلو کے بیچ تو پھر
لرزتی کانپتی ننھی سی جاں بھی کتنی دیر
نکل چلو ہے ابھی سہل راستہ یارو
کہ مہرباں ہے تو یہ مہرباں بھی کتنی دیر
برائے شب بھی کشادہ ہے میرا دروازہ
کہ صبح آئی تو یہ میہماں بھی کتنی دیر
سخن وری نہ سہی معجزہ سہی لیکن
یہ طرز فکر یہ حسن بیاں بھی کتنی دیر
لیمپ پوسٹ سے ٹیک لگائے بیٹھا ہے وقت (نظم)
لیمپ پوسٹ سے ٹیک لگائے بیٹھا ہے وقت
اپنی آنکھوں میں لئے
بہت سارے نرم خواب
بہت ساری ہولناک یادیں
کولتار کی چکنی سڑک پر چلتی نہیں بہتی ہوئی گاڑیاں
قطار در قطار ٹرامیں اور بسیں
شام کا دھندلکا
شریف زادوں سے کھسر پھسر کرتی
سستی کوالٹی کی خوشبو میں بسی فلاکت زدہ صورتیں
ایک دو تلا بس
اوپر والی کھڑکی پر نگاہوں کو گدگداتا میٹھا سا چہرہ
بے رحم پہیوں کے نیچے دم توڑتا
لہولہان راہگیر