پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ناصر زیدی کی غزلیں — Nasir Zaidi Ghazals

ناصر زیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ ایک شخص کہ جس سے شکایتیں تھیں بہت (غزل)

وہ ایک شخص کہ جس سے شکایتیں تھیں بہت

وہی عزیز اسی سے محبتیں تھیں بہت

وہ جب ملا تو دلوں میں کوئی طلب ہی نہ تھی

بچھڑ گیا تو ہماری ضرورتیں تھیں بہت

ہر ایک موڑ پہ ہم ٹوٹتے بکھرتے رہے

ہماری روح میں پنہاں قیامتیں تھیں بہت

پہنچ گئے سر منزل تری تمنا میں

اگرچہ راہ کٹھن تھی صعوبتیں تھیں بہت

وہ یوں ملا ہے کہ جیسے کبھی ملا ہی نہ تھا

ہماری ذات پہ جس کی عنایتیں تھیں بہت

ہمیں خود اپنے ہی یاروں نے کر دیا رسوا

کہ بات کچھ بھی نہ تھی اور وضاحتیں تھیں بہت

ہمارے بعد ہوا اس گلی میں سناٹا

ہمارے دم سے ہی ناصرؔ حکایتیں تھیں بہت

تھوڑا سا مسکرا کے نگاہیں ملائیے (غزل)

تھوڑا سا مسکرا کے نگاہیں ملائیے

مجھ کو مری حیات کا مقصد بتائیے

مجھ سے بھی کچھ حضور تعلق تھا آپ کا

یوں بے مروتی سے نہ دامن چھڑائیے

شاید کسی مقام پہ میں کام آ سکوں

مجھ کو بھی ساتھ لیجئے تنہا نہ جائیے

گزرے گا اس طرف سے بھی اک دن ہجوم گل

ہر چند آپ راہ میں کانٹے بچھائیے

ناصرؔ اداسیاں تو رہیں گی یوں ہی مدام

ڈھلنے لگی ہے رات کوئی گیت گائیے

ہم وہ ہیں جن کی روایات سلف کے آگے (نظم)

ہم وہ ہیں جن کی روایات سلف کے آگے

چڑھتے سورج تھے نگوں

قیصر و کسریٰ تھے زبوں

گردش وقت سے اک ایسا زمانہ آیا

ہم نگوں سار و زبوں حال و پراگندہ ہوئے

سال ہا سال کی اس صورت حالات کے بعد

ایک انسان اٹھا ایسا کہ جس نے بڑھ کر

عزم و ہمت کا شجاعت کا چلن عام کیا

اور برسوں کی غلامی کے شکنجوں میں کسے

راہ گم کردہ بھٹکتے ہوئے انسانوں کو

لفظ آزادیٔ جمہور سے آگاہ کیا

اک نئے دور درخشندہ کا پیغام دیا

قافلے بڑھتے رہے بڑھتے رہے بڑھتے رہے

سورج آزادئ انساں کے یوں ہی چڑھتے رہے

ہم کہ واقف تھے روایات سلف سے اپنی

ڈٹ گئے نظم وطن کی خاطر

عزم و ہمت سے شجاعت سے نیا کام لیا

اور قاعد کے اصولوں کا چلن عام کیا

آج ہم پھر وہی مردان جری ہیں کہ جو تھے

مزید غزلیں از ناصر زیدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں