Nasir Shahi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں انکسار پسند اور تو ہے شان پسند (غزل)
میں انکسار پسند اور تو ہے شان پسند
پسند مجھ کو زمیں تجھ کو آسمان پسند
کبھی صلیب کبھی دار پر ہے میرا وجود
ازل ہی سے مری فطرت ہے امتحان پسند
مرے رفیق مبارک ہو تجھ کو شیش محل
ہے مجھ غریب کو ٹوٹا ہوا مکان پسند
قدم قدم پہ ملیں گے یہاں نشیب و فراز
سنبھل کے چلنا زمیں پر اے آسمان پسند
خلاف ظلم جہاں بولنا تھا عین ثواب
وہیں ملے ہیں مجھے لوگ بے زبان پسند
عمل ضروری ہے دو دن کی زندگی کے لیے
ذرا یقین کی دنیا میں چل گمان پسند
میں تیرا ساتھ نہیں دے سکوں گا اے ناصرؔ
تجھے قفس سے ہے چاہت مجھے اڑان پسند
تمام عمر جو کرتا رہا جفائیں بہت (غزل)
تمام عمر جو کرتا رہا جفائیں بہت
مرے لبوں پہ ہے اس کے لیے دعائیں بہت
ازل سے ہم نے مقدر ہی ایسا پایا ہے
گناہ ایک کیا اور ملی سزائیں بہت
نہ جانے کون سا طوفان آنے والا ہے
ہمارے شہر کی خاموش ہیں فضائیں بہت
لکھا ہے یہ بھی مرے ہاتھ کی لکیروں میں
قریب آؤں میں جتنا وہ دور جائیں بہت
یہ کیا کہ مجھ سے بچھڑتے ہی ہو گیا مغموم
سنا ہے آتی ہیں اس شوخ کو ادائیں بہت
یہ اور بات ہے صحرا کی پیاس بجھ نہ سکی
وگرنہ ٹوٹ کے برسی تو تھیں گھٹائیں بہت
کھڑا ہے آج وہ بے برگ و بار اے ناصرؔ
جو پیڑ دیتا رہا تھا کبھی ہوائیں بہت
مجھے سحر کے اجالے ابھی سے تکتے ہیں (نظم)
مجھے سحر کے اجالے ابھی سے تکتے ہیں
یہ ڈھلتی ڈھلتی ہوئی رات مجھ کو ڈس لے گی
حیات اپنے شکنجوں میں اور کس لے گی
ابھی سے حادثے میری طرف لپکتے ہیں
ترے بغیر مری زندگی مری راتیں
حیات اپنے ہی ماحول میں بھٹکتی تھی
کہ مری روح مرے جسم میں کھٹکتی تھی
بڑے ہی کرب میں گزری ہیں چاندنی راتیں
ٹھہر بھی جا کہ یہ لمحے ہیں یادگار مرے
میں تیری مست نگاہوں کے جام تو بھر لوں
اور ان پہ ثبت محبت کی مہر تو کر لوں
پھر اس کے بعد وہی دن ہیں بے قرار مرے
پھر اس کے بعد وہی زندگی کی ہلچل ہے
مرے گماں سے بہت دور تیرا آنچل ہے