پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ناصر مصباحی کی غزلیں — Nasir Misbahi Ghazals

ناصر مصباحی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر قدم پر نئے آزار ہوا کرتے ہیں (غزل)

ہر قدم پر نئے آزار ہوا کرتے ہیں

مرحلے شوق کے دشوار ہوا کرتے ہیں

مرثیہ پڑھتا ہوں دل کا تو غزل بنتی ہے

میرے الفاظ عزادار ہوا کرتے ہیں

رقص بسمل کے مقدر میں ہے دشت و صحرا

اور مجرے سر بازار ہوا کرتے ہیں

وہ الگ دور تھا جب عشق پہ کچھ زور نہ تھا

اب کے عاشق بڑے ہشیار ہوا کرتے ہیں

مسند درس سخن پر بھی سخن فہم نہیں

صرف غالب کے طرفدار ہوا کرتے ہیں

حسن ظاہر کی حقیقت نہیں کھلتی جب تک

لوگ مرنے کو بھی تیار ہوا کرتے ہیں

مسکراتے ہوئے آنکھیں بھی چھلک پڑتی ہیں

درد دل یار پراسرار ہوا کرتے ہیں

تم کہ بازار میں آتے ہو نمائش کے لیے

ہم نمائش کے خریدار ہوا کرتے ہیں

بات اس بات میں ہے جس سے کوئی بات بنے

یوں لطیفے بھی مزے دار ہوا کرتے ہیں

زندگی صفحۂ تقدیر کا افسانہ ہے

ہم حقیقت میں اداکار ہوا کرتے ہیں

آخری نان شبینہ کی طلب میں ناصرؔ

روز بازار میں ہم خوار ہوا کرتے ہیں

غزل چھیڑی ہے ناصرؔ کیا ہوا ہے (غزل)

غزل چھیڑی ہے ناصرؔ کیا ہوا ہے

پرانا زخم پھر تازہ ہوا ہے

تمہیں بھی دل لگی مہنگی پڑی ہے

مجھے بھی پیار میں گھاٹا ہوا ہے

ذرا زلفوں کو بل دے دے ستم گر

تری زلفوں میں دل الجھا ہوا ہے

تری قسمت میں میں ہوں یا نہیں ہوں

مری کنڈلی میں تو بیٹھا ہوا ہے

گل و بلبل کے سستے چوچلوں میں

ہمیشہ باغباں رسوا ہوا ہے

مرا رہبر نہ بن انگلی پکڑ لے

تو میرے سامنے پیدا ہوا ہے

مرا دل خود مرا اپنا نہیں ہے

مجھے تو پیار بھی جھوٹا ہوا ہے

مجھے سب دیکھنے کیوں آ رہے ہیں

ذرا میں بھی تو دیکھوں کیا ہوا ہے

تمہارا دل ہمارے پاس اچھا

اٹھا لو میز پر رکھا ہوا ہے

کہیں مل جائے ناصرؔ تو بتانا

اسے دیکھے ہوئے عرصہ ہوا ہے

مزید غزلیں از ناصر مصباحی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں