پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nashtar Qaimganjvi کی غزلیں — Nashtar Qaimganjvi Ghazals

Nashtar Qaimganjvi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اشک کو چین سے دونوں ہی نے رہنے نہ دیا (غزل)

اشک کو چین سے دونوں ہی نے رہنے نہ دیا

غم نے رکنے نہ دیا ضبط نے بہنے نہ دیا

آہ بھی غم میں نہ کی اشک بھی بہنے نہ دیا

تیری فرقت نے مجھے چین سے رہنے نہ دیا

میرے افسانے کے ہر لفظ میں اک محشر تھا

وہ تو اچھا ہوا تم نے مجھے کہنے نہ دیا

جس طرف چاہا اداؤں سے مجھے موڑ لیا

تم نے اک بات پہ قائم مجھے رہنے نہ دیا

ہم نے ٹپکا دیے پلکوں سے خوشی کے آنسو

پھول کانٹوں کی حفاظت میں بھی رہنے نہ دیا

ساقیٔ مست کی صرف ایک جھلک ہی دیکھی

آنکھ ملتے ہی مجھے ہوش میں رہنے نہ دیا

وحشت دل مجھے دنیا میں لئے پھرتی ہے

مرے محبوب نے مجھ کو کہیں رہنے نہ دیا

ہم نے بنیاد محبت جہاں رکھی نشترؔ

ہم کو لوگوں نے وہاں چین سے رہنے نہ دیا

دل سے اک دوسرے کے پیارے ہیں (غزل)

دل سے اک دوسرے کے پیارے ہیں

ان کے ہم اور وہ ہمارے ہیں

اپنا دامن جو وہ پسارے ہیں

میرے آنسو بھی چاند تارے ہیں

بے خودی بھی ہے ہوشیاری بھی

چشم ساقی کے کیا اشارے ہیں

غیر کو دیکھ کر ہمیں دیکھا

تیر پر تیر تم نے مارے ہیں

حسن پردے میں بھی نہیں چھپتا

ان کے چلمن سے بھی اشارے ہیں

وہ حسین ان کے ہم جلیس حسین

چاند وہ دوسرے ستارے ہیں

بس یہی حاصل محبت ہے

تم یہ کہہ دو کہ ہم تمہارے ہیں

ان کی آنکھیں ہیں ڈھونڈھتی نشترؔ

جن کے آنکھوں ہی میں نظارے ہیں

مزید غزلیں از Nashtar Qaimganjvi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں