نشتر خانقاہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پیشانیٔ حیات پہ کچھ ایسے بل پڑے (غزل)
پیشانیٔ حیات پہ کچھ ایسے بل پڑے
ہنسنے کو دل نے چاہا تو آنسو نکل پڑے
رہنے دو مت بجھاؤ مرے آنسوؤں کی آگ
اس کشمکش میں آپ کا دامن نہ جل پڑے
ہنس ہنس کے پی رہا ہوں اسی طرح اشک غم
یوں دوسرا پیے تو کلیجہ نکل پڑے
نشترؔ وہ اہل عشق بھی ہیں کتنے تنگ نظر
ان کی زبان نام مرا سن کے جل پڑے
تعمیر ہم نے کی تھی ہمیں نے گرا دیے (غزل)
تعمیر ہم نے کی تھی ہمیں نے گرا دیے
شب کو محل بنائے سویرے گرا دیے
کمزور جو ہوئے ہوں وہ رشتے کسے عزیز
پیلے پڑے تو شاخ نے پتے گرا دیے
اب تک ہماری عمر کا بچپن نہیں گیا
گھر سے چلے تھے جیب کے پیسے گرا دیے
پتھر سے دل کی آگ سنبھالی نہیں گئی
پہنچی ذرا سی چوٹ پتنگے گرا دیے
برسوں ہوئے تھے جن کی تہیں کھولتے ہوئے
اپنی نظر سے ہم نے وہ چہرے گرا دیے
شہر طرب میں رات ہوا تیز تھی بہت
کاندھوں سے مہ وشوں کے دوپٹے گرا دیے
تاب نظر کو حوصلہ ملنا ہی تھا کبھی
کیوں تم نے احتیاط میں پردے گرا دیے