پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Naseer Parwaz کی غزلیں — Naseer Parwaz Ghazals

Naseer Parwaz کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بہتے دریا تھم جائیں گے تھوڑا وقت گزرنے دو (غزل)

بہتے دریا تھم جائیں گے تھوڑا وقت گزرنے دو

وہ بھی اب نہ یاد آئیں گے تھوڑا وقت گزرنے دو

نئے نئے ان سے بچھڑے ہیں تازہ ہیں سارے آنسو

یہ موسم بھی مرجھائیں گے تھوڑا وقت گزرنے دو

گرد کی موٹی تہہ جمنے دو کچھ تو دن کی آنکھوں پر

روشن منظر دھندلائیں گے تھوڑا وقت گزرنے دو

کب تک تنہائی کو اپنا مونس و ہمدم جانیں گے

اس سے بھی دل اکتائیں گے تھوڑا وقت گزرنے دو

دھیرے دھیرے چپ رہنے کی عادت سی ہو جائے گی

دیوار و در کترائیں گے تھوڑا وقت گزرنے دو

آخر آخر سب کچھ کھونے کا اندازہ بھی ہوگا

وہ بھی اک دن پچھتائیں گے تھوڑا وقت گزرنے دو

آج تو اپنے سائے سے بھی بھاگے بھاگے پھرتے ہیں

کل یہ غم ہی کام آئیں گے تھوڑا وقت گزرنے دو

کام نہ آئیں گی جب آنکھیں تھکے تھکے جب ہوں گے پاؤں

بچے رستہ دکھلائیں گے تھوڑا وقت گزرنے دو

یادوں کا سیلاب بھی جم جائے گا سینے میں پروازؔ

آنسو پتھر ہو جائیں گے تھوڑا وقت گزرنے دو

بصیرت سے ابھی محروم ہیں سب (غزل)

بصیرت سے ابھی محروم ہیں سب

مناظر شہر کے معصوم ہیں سب

کوئی ملتا نہیں ہنس کر کسی سے

نہ جانے کس لئے مغموم ہیں سب

گرہ کھولو نہ اپنی گمرہی کی

ہمیں یہ راستے معلوم ہیں سب

کہاں تک وسعتیں ٹانکوں زمیں پر

نشان آرزو معدوم ہیں سب

جنہیں روشن دھندلکے کہہ رہے ہو

ہمارے عہد کا مقسوم ہیں سب

میں کس کو آئنہ سمجھوں یقیں کا

نقوش آگہی موہوم ہیں سب

یہ تم بتلاؤ ظالم کون ٹھہرے

سر بزم طلب مظلوم ہیں سب

کسے پروازؔ خود سے دور سمجھوں

مرے ادراک کا مفہوم ہیں سب

تجھ سے ملتا ہوں تو احباب ستم ڈھاتے ہیں (نظم)

تجھ سے ملتا ہوں تو احباب ستم ڈھاتے ہیں

ان کی خواہش ہے کہ ملنے سے بھی مجبور رہوں

تجھے پوجوں یوں ہی خاموش پجاری بن کر

دل سے نزدیک نگاہوں سے مگر دور رہوں

بھول جاؤں تری خوشبو تری قربت ترا لمس

سوز ہجراں سے فسردہ رہوں رنجور رہوں

چاندنی رات جہاں جسم کو جھلسانے لگے

پرتو حسن خیالات سے معمور رہوں

میری تقدیر بھی راتوں کے اندھیرے پہنے

یوں ہی تڑپا کروں جلتا رہوں بے نور رہوں

اور خود میری وفا کا بھی تقاضہ ہے یہی

اشک غم پی کے بھی شاداں رہوں مسرور رہوں

مجھ کو یہ غم بھی گوارا ہے مگر روح خیال

تیرے ہونٹوں پہ تبسم کی کرن چاہتا ہوں

مزید غزلیں از Naseer Parwaz ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں